حیدرآباد۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وجئے واڑہ قومی شاہراہ 65 کی 8 لائن پر مشتمل سڑک کی تعمیر کیلئے ٹنڈرس کو قطعیت دینے کا کام جلد مکمل کرکے فروری 2026 سے تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد تا وجئے واڑہ شاہراہ زائد ٹریفک اور حادثات کیلئے شہرت رکھتی ہے۔ عوام کو ٹریفک کے مسائل اور حادثات سے بچانے 8 لائن قومی شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کیلئے 17 مقامات کی نشاندہی کرکے فلائی اوورس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی دہلی میں مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات کرکے قومی شاہراہ کی تعمیر پر بات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلگو ریاستوں کے عوام کو حادثات سے پاک قومی شاہراہ فراہم کرنے کا عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 8 لائن پر مبنی شاہراہ کی تعمیر کے بعد حیدرآباد تا وجئے واڑہ کا فیصلہ محفظ 2 گھنٹے میں طے کیا جاسکتا ہے۔ بھارت فیوچر سٹی سے آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی تک 230 کیلو میٹر پر مبنی گرین فیلڈ ہائی وے کی تعمیر کو مرکزی وزیر نتن گڈکری نے منظوری دے دی ہے۔1