حیدرآباد ۔ 14۔نومبر (سیاست نیوز) نیشنل گرین ٹریبونل نے حیدرآباد تا ورنگل قومی شاہراہ کے توسیعی کاموں کے سلسلہ میں نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کو مشروط اجازت دی ہے ۔ ماحولیاتی تحفظ کے سلسلہ میں نیشنل گرین ٹریبونل نے بعض رہنمایانہ خطوط طئے کئے ہیں جس پر عمل کرتے ہوئے حیدرآباد تا ورنگل قومی شاہراہ کے توسیعی منصوبہ پر عمل کیا جاسکتا ہے۔ ٹریبونل نے سڑک کے کنارہ موجود 765 درختوں کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے جبکہ 150 درختوں کو ماہرین کی نگرانی میں منتقل کیا جاسکتا ہے ۔ علاقہ میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے نیشنل گرین ٹربونل نے درختوں کو کاٹنے سے روک دیا ہے ۔ واضح رہے کہ سڑک کے توسیعی منصوبہ کا معاملہ ٹریبونل سے رجوع کیا گیا تھا اور تقریباً ایک سال تک متواتر سماعت کے بعد ٹریبونل نے 12 نومبر کو فیصلہ سنایا ۔ مارچ 2025 کو اپنے سابقہ احکامات میں ٹریبونل نے ہائی وے کا رخ تبدیل کرنے کی صلاح دی تھی تاکہ درختوں کا تحفظ کیا جاسکے۔ نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی نے ٹریبونل کے فیصلہ کے بعد سروے کا آغاز کیا ہے تاکہ درختوں کے تحفظ کے ساتھ توسیعی منصوبہ پر عمل کیا جاسکے۔1