حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ایک جانب جہاں جی ایچ ایم سی کے ارباب مجاز شہر حیدرآباد میں غیر قانونی تعمیرات پر روک لگانے میں مصروف ہیں تو دوسری جانب حیدرآباد ہندوستان کے 7 بڑے شہروں میں گھروں کی فروخت کی فہرست میں پہلے مقام پر پہنچ چکا ہے ۔ حیدرآباد ، ممبئی ، کولکتہ ، بنگلور ، چینائی اور پونے میں گھروں کی فروخت کے رواں سال جو اعداد و شمار دستیاب ہوئے ہیں ۔ ان میں حیدرآباد کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے ۔ 2019 کے ماہ جنوری تا جون کے دوران حیدرآباد میں 9036 یونٹس فروخت ہوئے ہیں جب کہ 2018 کے ماہ جنوری تا جون کے دوران حیدرآباد میں 5476 یونٹس ہی فروخت ہوئے تھے ۔ علاوہ ازیں حیدرآباد کی رئیل اسٹیٹ مارکٹ میں اس دوران 22 فیصد ترقی دیکھی گئی ہے اور سالانہ 65 فیصد ترقی بھی درج کی جارہی ہے ۔ ہندوستان میں ممبئی ایسا علاقہ ہے جہاں متوسط آمدنی اور قابل برداشت اخراجات فی گھر ایک کروڑ روئے ریکارڈ کئے گئے ہیں جب کہ دیگر شہروں میں یہ 75 لاکھ روپئے ہیں ۔ حیدرآباد کو گھروں کی فروخت میں نمبر ایک مقام رواں سال حاصل ہوا ہے جب کہ 2017 تا 2019 کے دوران مذکورہ سات شہروں میں رہائشی مکانات کی فروخت کے اعداد و شمار مختلف رہے ہیں ۔۔
