حیدرآباد زوالوجیکل پارک کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب

   

نرمل۔/7 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) 6 اکٹوبر 2023 کو زو پارک کو قائم ہوئے 60 سال گذرچکے ہیں۔ آج ہی کے دن 1963 میں یہ زو، باغ عامہ سے منتقل ہوکر اس جگہ قائم ہوا۔ اس ضمن میں حکومت تلنگانہ نے ڈائمنڈ جوبلی منانے کا فیصلہ کیا۔ جناب اندرا کرن ریڈی ریاستی وزیر نے اس پروگرام میں جو زو کے احاطہ میں منعقد کیا گیا، اس کی صدارت کی۔دوسرے محکمہ جنگلات کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس پروگرام میں حصہ لیا جن میں ڈوبریال صاحبPCCF اور جیسوال صاحب CWLW اور ایلو سنگھ میرو قابل ذکر ہیں۔ پروگرام کے دوران زو میں ایک بیاٹری سے چلنے والی 3 ڈبوں کی ٹرین کا افتتاح کیا گیا جو دھیمی رفتار سے رنگ روڈ پر چلے اور مسافرین اس میں بیٹھے بیٹھے مختلف جانوروں کا نظارہ کرسکیں گے اور ساتھ ہی e-booking کا بھی افتتاح عمل میں آیا جس کے تحت ایک ہی ٹکٹ پر داخلہ ، سفاری ، ٹرین وغیرہ کا ٹکٹ حاصل کیاجاسکے گا، اور یہ آن لائن سہولت ہوگی۔ چھوٹی نسل کے بندر کا بھی افتتاح عمل میں آیا۔ اس پروگرام کا اہم حصہ یہ تھا کہ جو سابق ڈائرکٹر اور کیوریٹر اس زو میں کام کرکے وظیفہ پر سبکدوش ہوئے ان کے کاموں کی ستائش کی گئی اور ان کو شال پوشی اور مومنٹو کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی۔ جن میں محمد عبدالوحید آئی ایف ایس بھی شامل ہیں۔ ان کی خدمات کو سراہا گیا اور وزیر محترم نے ان کا تعارف بقیہ عہدیداروں سے کروایا۔ جناب محمد عبدالوحید نے 2004 سے لیکر 2007 تک نرمل میں بحیثیت ڈی ایف او کام کیا ۔ ان دنوں وزیر موصوف نرمل کے MLA ہوا کرتے تھے۔