حیدرآباد زون آر ٹی سی متوفین کے افراد خاندان کو ملازمتیں

   

چیف منسٹر کے سی آر کے اعلان کے بعد ملازمت فراہمی کے اقدامات کا آغاز
حیدرآباد۔6ڈسمبر(سیاست نیوز) آر ٹی سی ہڑتال کے دوران فوت ہونے والے ملازمین کے فرد خاندان کو ملازمت کی فراہمی کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤکی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق آرٹی سی نے متوفی ملازمین کو ملازمتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے متوفی ملازمین کے افراد سے رابطہ قائم کرنا شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ماہ جنوری سے قبل ہی ان کے افراد خاندان کو ملازمت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ حیدرآباد زون میں فوت ہونے والے ملازمین کی تعداد 10ہے جن میں 4جونئیر اسسٹنٹ ‘5 آرٹی سی کانسٹبلس اور ایک کنڈکٹر ہے اور ان کی جگہ پر ان ہی جائیدادوں پر ان کے خاندان میں سے ایک ایک فرد کو ملازمت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلان کے ساتھ ہی آرٹی سی عہدیداروں نے ہدایات جاری کردی ہیں اور ان ہدایات کے مطابق ہی شہرحیدرآباد کے متوفی ملازمین کے افراد خاندان کو ملازمت کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آر ٹی سی ملازمین سے ملاقات کے دوران اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ متوفی ملازمین کے افراد خاندان کو سرکاری یا آرٹی سی میں ملازمت کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ چیف منسٹر کے اعلان کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے تمام امور کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ متوفی ملازمین کے افراد خاندان کو آرٹی سی میں ہی ملازمت کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی اور اس کیلئے متعلقہ ایکزیکیٹیو ڈائریکٹرس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ ای ڈی حیدرآباد نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں کئے جانے والے ان اقدامات کے سلسلہ میں متوفی ملازمین کے افراد خاندان کو مکتوب روانہ کئے جا رہے ہیں اور ان سے نام اور قابلیت کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی ہدایات کے مطابق کئے جانے والے ان اقدامات پر عمل آوری کے لئے زون واری اساس پر کاروائی جاری ہے اور جلد ان متوفی ملازمین کے افراد خاندان کو تقررات کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ مسٹر سنیل شرما نے کہا کہ ریاستی حکومت نے جو فیصلہ کیا ہے اس کے مطابق یہ تقررات عمل میں لائے جا رہے ہیں کیونکہ حکومت نے آرٹی سی ملازمین اور انتظامیہ میں تفریق کو ختم کرنے کے جو احکامات جاری کئے ہیں اس کے مطابق آر ٹی سی ایک خاندان میں تبدیل ہوچکی ہے ۔