حیدرآباد زو کو نامیبیا کے چیتوں کا تحفہ ہند۔نامیبیا سمٹ کا اہتمام۔ کئی معاہدات پر دستخط

   

حیدر آباد15مارچ(یواین آئی) حیدرآباد زو میں عنقریب نامیبیا کے چیتوں کو رکھاجائے گا۔ نامیبیا اپنے چیتوں اور جنگلاتی زندگی کے لئے دنیا بھر میں مشہور ہے ۔ ہندوستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں نامیبیا کے عہدہ داروں نے فیصلہ کیا ہے کہ ایشیائی ملک میں چیتوں کی معدوم ہوتی ہوئی نسل بچانے کے لئے اسے چیتوں کا تحفہ دیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد نہرو زوالوجیکل پارک کو بھی منتخب کیا گیا ہے ۔ سمٹ میں نامیبیا کے ہائی کمشنر برائے ہند گیبرئیل سنمبو نے شرکت کی۔ مختلف کمپنیوں کے نمائندوں، سفارتکاروں اور معززین سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نامیبیا سرمایہ کاری کے لئے ایک بہترین مقام ہے اور بے پناہ امکانات رکھتا ہے ۔ پرنسپل سکریٹری حکومت تلنگانہ جیش رنجن نے تلنگانہ اور نامیبیا کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے ریاستی حکومت کے تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کی کئی کمپنیوں کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے ۔ ان کمپنیوں کا تعلق بالخصوص فارما، زراعت اور اسٹیل سے تھا۔ انڈین اکنامک ٹریڈ آرگنائزیشن کے صدر آصف اقبال نے اس سمٹ کی میزبانی کی۔ بلغاریہ کے اعزازی کونسل ڈاکٹر لیون کیرون، کوریا کے اعزازی کونسل، مختلف کمپنیوں کے نمائندوں، عہدہ داروں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔ نامیبیا سے متعلق ٹریڈ کمشنر ڈاکٹر تسنیم شریف نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور ہند۔نامیبیا باہمی تعلقات کے بارے میں روشنی ڈالی۔ ڈپلومیٹک رپورٹر موہت شریواستو نے کارروائی چلائی۔