حیدرآباد زکواۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے یتیم طلباء میں 2.48 کروڑ روپئے کی تقسیم

   

HZCT کے لیڈی والینٹرز کی ٹیم کا مختلف مقامات کا دورہ ، تقسیم اسکالر شپس پروگرامس میں شرکت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : حیدرآباد زکواۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کے پریس نوٹ کے بموجب تعلیمی سال 2019-20 کے لیے ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے 10,663 یتیم و مستحق طلباء میں 2.48 کروڑ روپئے بطور اسکالر شپس تقسیم کئے گئے تاکہ یہ طلباء ترک تعلیم سے بچیں ۔ بالخصوص یتیم طلباء میں اسکالر شپس کی تقسیم کا کام 8 سال قبل ٹرسٹ کی خاتون والینٹرز کی ٹیم نے جناب غیاث الدین بابو خاں کی سرپرستی میں شروع کیا ۔ ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش کے مختلف اسکولس اور کالجس کے جماعت اول تا ڈگری کے یتیم طلباء وطالبات میں یہ اسکالر شپس تقسیم کی جاتی ہے ۔ اوسطاً 2000 تا 5000 روپئے فی طالب علم تقسیم کئے جاتے ہیں ۔ اس سال ریاست تلنگانہ کے 10 اضلاع کے 6961 طلباء ، ساحلی آندھرا کے 8 اضلاع کے 1887 طلباء اور رائلسیما کے 4 اضلاع کے 1815 طلباء اسکالر شپس پروجکٹ سے مستفید ہوئے ۔ حیدرآباد زکواۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کے انسپکٹران ان طلباء کی تحقیق کرتے ہیں ۔ مستحق طلباء اور ان کے والدہ کے مشترکہ بینک اکاونٹس کھلوانے میں مدد کرتے ہیں ۔ طلباء اور ان کے والدہ کے انٹرویو کے بعد اسکالر شپس کی رقم راست ان کے اکاونٹس میں منتقل کی جاتی ہے ۔ جناب غیاث الدین بابو خاں نے بتایا کہ اس پروجکٹ کا اہم مقصد یتیم و مستحق طلباء کی مدد کرنا ہے ۔ اللہ سبحانہ تعالیٰ نے یتیم کی سرپرستی کا ذکر خاص طور پر قرآن مجید میں کیا ہے ۔ یتیم طلباء کی فلاح و بہبود اور ان کی دیکھ بھال کرنا بہت بڑا ثواب ہے ۔ یہ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ یتیم کی دیکھ بھال کرے ۔ خاص طور پر وہ کمسن بچے جن کے باپ اس دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں ۔ ایسے یتیم و نادار کی سرپرستی ان کی تعلیم و تربیت کا انتظام کرنا ایک عظیم کام ہے ۔ اور آخرت میں ہماری نجات کا ذریعہ ہے ۔ جناب غیاث الدین بابو خاں نے ان تمام ڈونرس کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اس کارخیر میں دل کھول کر تعاون کیا ۔ جناب چیرمین نے لیڈی والینٹرز محترمہ عالیہ وقار شیخ امام ، محترمہ نصرت ضیا ، محترمہ اصغری احمد ، محترمہ دردانہ محمود ، محترمہ ثمینہ نعمت اور محترمہ نفیس خان ممبر اکنا ریلیف کینیڈا کا شکریہ ادا کیا ۔ جنہںو نے تعلیمی سال 2019-20 کے دوران مختلف اوقات میں تقسیم اسکالر شپ کے لیے مختلف مقامات کا دورہ کی ۔۔