حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ اور غیاث الدین بابو خان تعلیمی اور معاشی انقلاب کے نقیب

   

دعوت افطار سے ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو روی گپتا اور اے کے خان کا خطاب
حیدرآباد۔ 10؍اپریل ۔ ( پریس نوٹ) ۔حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ اور فائونڈیشن فار اکنامک اینڈ ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ (FEED) کی انسانیت نواز خدمات قابل ستائش اور لائق تقلید ہیں۔ جناب غیاث الدین بابو خان نے ٹرسٹ کے ذریعہ یہ ثابت کیا ہے کہ کس طرح سے زکوٰۃ اور عطیات کی رقم سے تعلیمی اور معاشی انقلاب لایا جاسکتا ہے۔ اِن خیالات کا اظہار مختلف مقررین نے حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیارٹیبل ٹرسٹ کے سالانہ دعوت افطار کے موقع پر کیا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مسٹر روی گپتا آئی پی ایس ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو، پرنسپال سکریٹری ہومس تھے۔ جبکہ جناب اے کے خان مشیر برائے اقلیتی امور حکومت تلنگانہ، جناب طاہر انصاری چیرمین ریاستی اقلیتی کمیشن کے علاوہ جناب منصور بابو خان، جناب جاوید ہوڈ، جناب خلیل احمد، جناب علی حیدر شہ نشین پر موجود تھے۔ مسٹر روی گپتا نے ٹرسٹ کی تعلیمی، معاشی اور فلاحی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ مسٹر روی گپتا نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ٹرسٹ بلالحاظ مذہب و قوم خدمات انجام دے رہا ہے ۔ جناب اے کے خان نے جناب غیاث الدین بابو خان کی قوم و ملت کے لئے تڑپ جستجو اور بے مثال خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب کبھی تعلیمی اداروں کو کسی چیز کی ضرورت ہوئی غیاث نے اپنے ٹرسٹ کے ذریعہ اسے فراہم کردیا۔ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ اب وہ خود بھی اِس ٹرسٹ سے وابستہ ہیں۔ جناب جاوید ہوڈٹرسٹی نے حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کی 30سالہ کارکردگی سے واقف کرواتے ہوئے بتلایا کہ 11لاکھ کے بجٹ سے اس ٹرسٹ کا آغاز ہوا او ر 11کروڑ تک اس کی امدادی رقم پہنچ گئی۔ حیدرآباد بلکہ ملک کے گوشے گوشے میں مختلف آفات و سانحات سے متاثرہ عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی جاتی رہی چاہے وہ زلزلہ، سیلاب یا فسادات سے متاثرہ ہو یا معاشی بدحالی کا شکار ہو۔ جناب جاوید ہوڈ نے تعاون کرنے والے افراد کا بھی ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ جناب خلیل احمد ٹرسٹی نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔