حیدرآباد سافٹ ویر ڈیولپر خاتون کا مشی گن میں کار حادثہ میں انتقال

,

   

جسمانی اعضاء کا عطیہ ، نعش منتقل کرنے آن لائن مہم
حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مشی گان میں کار حادثہ میں زندگی سے محروم ہونے والی حیدرآبادی خاتون کے اعضائے رئیسہ کا عطیہ دے دیا گیا ہے ۔ یہاں موصولہ اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ 25 سالہ چریتا کو جو امریکہ کی ایک سافٹ ویر فرم میں خدمات انجام دے رہی تھی ۔ کار حادثہ کے بعد دماغی طور پر مردہ قرار دیا گیا ۔ چریتا مشی گن میں پیش آئے ایک کار حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی ۔ اتوار کی رات اسے مرسی ہیلتھ ہیکلے کیمپس لایا گیا ۔ وہ سکندرآباد کی رہنے والی تھی ۔ اس کار حادثہ میں زخمی ہونے والے دیگر 3 کا ہاسپٹل میں علاج جاری ہے اور وہ روبہ صحت ہورہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق یہ کار حادثہ اوٹاوا کاونٹی کے کراکری ٹاون شپ میں اتوار کو رات 9 بجے پیش آیا ۔ یہ لوگ ٹوئٹا گاڑی میں سفر کررہے تھے ۔ دوسری طرف مسکیگان ہائٹس سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے جو لکثرری کار چلارہا تھا اپنی کار پر قابو کھو بیٹھا اور ٹوئٹا کو ٹکر دے دی ۔ چریتا جو عقبی نشست پر بیٹھی ہوئی تھی شدید زخمی ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹکر مارنے والا شخص حالت نشہ میں تھا ۔ رپورٹس کے بموجب چریتا نے اپنی موت سے دو سال قبل ہی کسی بھی حادثہ کی صورت میں اپنے جسمانی اعضاء کا عطیہ دینے کی خواہش ظاہر کی تھی اور اس سلسلہ میں ایک وصیت بھی تیار کرائی تھی ۔ چریتا کی اس وصیت کے مطابق اس کے ارکان خاندان نے اس کے اعضاء کا عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ۔ امریکہ میں ہی ان اعضاء کی ضرورت مند افراد میں پیوندکاری کی جائے گی ۔ توقع ہے کہ چریتا کی نعش آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے امریکہ سے حیدرآباد منتقل کی جائے گی ۔ چریتا جو امریکہ میں سافٹ ویر ڈیولپر کی حیثیت سے کام کررہی تھیں GITAM حیدرآباد سے گریجویشن کیا اور پھر ماسٹرس کے لیے امریکہ منتقل ہوئیں ۔ سال 2016 میں وہ آخری مرتبہ حیدرآباد آئی تھی ۔ چریتا کے والد تاجر ہیں اور والدہ خاتون خانہ ہیں ۔ اسی دوران چریتا کے دوست احباب نے اس کی نعش حیدرآباد لانے کے لیے رقم جمع کرنے کی خاطر آن لائن مہم شروع کردی ہے ۔۔