حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کیمپس میں مردہ ہرن سے سنسنی

   

حیدرآباد ۔ 21۔ مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی (HCU) کے احاطہ میں ہرن مردہ پائے جانے کے بعد سنسنی پھیل گئی۔ آج صبح یونیورسٹی سے متصل جھاڑیوں میں ایک بڑے ہرن کو مردہ پائے جانے کے بعد یونیورسٹی عملہ نے فوری گچی باؤلی پولیس کو آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو بھی اطلاع دی گئی اور وہاں کی ٹیم بھی یونیورسٹی پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ ہرن کے جسم پر ضربات کے نشان اور زخم پائے گئے جس کے نتیجہ میں محکمہ جنگلات کے افسران نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ انسپکٹر گچی باؤلی پولیس اسٹیشن آر سرینواس نے کہا کہ آج صبح یونیورسٹی حکام نے مردہ ہرن پائے جانے کی اطلاع دی جس کے نتیجہ میں ان کی ایک ٹیم وہاں پہنچ کر معائنہ کیا اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اطلاع دی ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ خاردار تار کی زد میں آکر ہرن کے جسم پر زخم آئے ہیں اور شبہ کیا جاتا ہے کہ آوارہ کتے بھی اسے نشانہ بناسکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو بے بنیاد قرار دیا کہ ہرن کی موت گچی باولی میں واقع فائرنگ رینج کی گولی سے ہوئی ہے۔