حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کی حیثیت سے کے سرینواس ریڈی کا حصول جائزہ

   

شہر کو منشیات سے پاک بنانے اور اسمگلرس کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد : /13 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کی حیثیت سے کتہ کوٹہ سرینواس ریڈی نے آج جائزہ حاصل کرلیا ۔ سرینواس ریڈی کا تعلق 1994 ء آئی پی ایس بیاچ سے ہے اور انہوں نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بودھن نظام آباد کے علاوہ کاماریڈی ، کونڈہ پور ، نیلور کی حیثیت سے خدمات انجام دیں جبکہ 2002 سے 2004 ء تک ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک حیدرآباد سٹی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ جبکہ انہوں نے ڈی آئی جی حیدرآباد رینج ایڈیشنل ڈائرکٹر اینٹی کرپشن بیورو اور اسپیشل سکریٹری وزارت داخلہ کے علاوہ انسپکٹر جنرل آف پولیس گرے ہانڈس اور آکٹوپس کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ جائزہ حاصل کرنے کے بعد کے سرینواس ریڈی نے کہا کہ وہ شہر حیدرآباد کو منشیات سے پاک بنانے کا عزم رکھتے ہیں اور اس سلسلہ میں پڑوس کے سائبرآباد اور رچہ کونڈہ کمشنریٹس سے رابطہ میں رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور اس کے کاروبار میں ملوث اسمگلرس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلہ میں پبس ، بارز اور فارمس ہاوز کے انتظامیہ سے بھی اجلاس منعقد کریں گے ۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور خواتین کی سلامتی کیلئے شی ٹیمس کو مزید مستحکم کیا جائے گا ۔ خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور انہیں ہراساں کرنے والوں کو ہرگز ہرگز بخشا نہیں جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام دوست پولیسنگ پر یقین رکھتے ہیں اور قانون توڑنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے ۔ انہوں نے میڈیا سے گزارش کی ہے کہ وہ شہریوں اور پولیس کے درمیان پل کا رول ادا کریں ۔ پولیس کمشنر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد کے سرینواس ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی ۔