حیدرآباد سے بنگلور دو گھنٹے میں ٹرین سے سفر:مرکزی وزیر اشونی ویشنو

   

تلنگانہ کیلئے تین ہائی اسپیڈ ٹرینوں کی منظوری، 350 کیلو میٹر فی گھنٹہ رفتار ، ریل بجٹ میں 5454 کروڑ مختص
حیدرآباد ۔2 ۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر ریلویز اشونی ویشنو نے کہا کہ ہائی اسپیڈ راہداری کے تحت تلنگانہ ، آندھراپردیش اور ٹاملناڈو کے درمیان معاشی اور ہیلت ٹورازم کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریلوے بجٹ پر میڈیا سے آن لائین بات چیت کرتے ہوئے اشونی ویشنو نے کہا کہ ریلوے بجٹ میں تلنگانہ کیلئے 5454 کروڑ مختص کئے گئے ۔ ہائی اسپیڈ ٹرین آندھراپردیش و تلنگانہ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ حیدرآباد سے چینائی ، پونے اور بنگلور کو تین ہائی اسپیڈ ٹرینیں شروع کی جارہی ہیں جس کے نتیجہ میں حیدرآباد سے بنگلور کی مسافت محض دو گھنٹے میں طئے کی جاسکتی ہے۔ حیدرآباد سے پونے ایک گھنٹہ 55 منٹ اور چینائی کو دو گھنٹے 55 منٹ میں ٹرین پہنچ جائے گی۔ ہائی اسپیڈ ٹرین فی گھنٹہ 350 کیلو میٹر کی رفتار سے مسافت طئے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے بشمول 7 اہم شہروں کے درمیان ہائی اسپیڈ راہداری کا مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن نے اعلان کیا ہے۔ فی الوقت ممبئی۔احمد آباد کے درمیان ہائی اسپیڈ ریل راہداری موجود ہے۔ مختلف ریاستوں اور اضلاع کو راہداری کے تحت شامل کیا جائے گا۔ ریلوے بجٹ میں تلنگانہ کے لئے کئی انفراسٹرکچر سہولتیں حاصل ہوں گی۔ تلنگانہ کے لئے 2009 تا 2014 سالانہ 886 کروڑ ریلوے بجٹ مختص کیا جاتا رہا جسے 2026-27 میں بڑھاکر 5454 کروڑ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں ریلوے کے تحت بہتر انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ تلنگانہ میں فی الوقت 47984 کروڑ کے مختلف ریلوے پراجکٹس کا کام جاری ہے ، جن میں نئے ٹریک کی تعمیر ، ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی اور سیفٹی اقدامات شامل ہیں۔ امرت اسٹیشن اسکیم کے تحت تلنگانہ میں 40 ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی کیلئے منتخب کیا گیا ہے جس پر 2015 کروڑ کے مصارف عائد ہوں گے۔ بیگم پیٹ ، کریم نگر ، ورنگل اور جوگولمبا اسٹیشنوں کے ترقیاتی کام مکمل ہوچکے ہیں۔ مسافرین کیلئے بہتر سہولتوں کے ساتھ عصری ریلوے اسٹیشن تیار کئے گئے ۔ تلنگانہ میں وندے بھارت ایکسپریس کی 5 جوڑیاں اور امرت بھارت ایکسپریس ٹرین کی 3 جوڑیاں چلائی جارہی ہیں۔ 2014 سے 900 کیلو میٹر نئی ریلوے ٹریک تعمیر کی گئی۔ اس مدت کے دوران 1115 کیلو میٹر لائین کے الیکٹریفکیشن کا کام مکمل کیا گیا ۔ ریاست بھر میں 499 فلائی اوور اور انڈر پاس تعمیر کئے گئے ۔1