حیدرآباد سے سری سیلم، ناگرجنا ساگر کیلئے کروز ٹورس کا آغاز

   

حیدرآباد ۔ 2 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے حیدرآباد سے ناگرجنا ساگر اور سری سیلم کیلئے روڈ ۔ کم کروز (پانی میں سیر) ٹورس کا آغاز کیا گیا ہے۔ تلنگانہ ٹورازم کے زیراہتمام اس ٹور میں مذہبی مقامات، شاندار لینڈ اسکیپس اور پانی میں ایک یادگار سیر سے بھرپور دو دن کی سرگرمیوں کی پیشکش کی جارہی ہے۔ کارپوریشن نے حیدرآباد سے سوماسیلا اور سری سیلم کیلئے بھی ٹور سرویسیس کا آغاز کیا ہے۔ کروز ٹورس کا اہتمام ہفتہ واری اساس پر ہفتہ کے دن کیا جائے گا۔ کروز ٹور کا 2 روزہ شیڈول : اس ٹور کے پہلے دن سکندرآباد، بیگم پیٹ اور بشیرباغ سے 1:30 بجے دن اور 2 بجے دن کے درمیان روانگی کے ساتھ سفر شروع ہوگا جس میں ایک نان اے سی ہائی ٹیک کوچ کے ذریعہ سری سیلم کا سفر ہوگا اور حیدرآباد کے سیاح شام 7:30 بجے سری سیلم پہنچیں گے۔ رات میں نان اے سی یا ڈارمیٹری اقامت گاہ میں قیام کے بعد دوسرے دن صبح کروز میں شامل ہوجائیں گے۔ دوسرے دن کے ٹور میں سری سیلم مندر، ساکشی گنپتی مندر اور سری سیلم ڈیم کا دورہ شامل رہے گا۔ ناشتہ کے بعد حیدرآباد کے سیاح ایک کروز میں ناگرجنا ساگر جائیں گے اور کروز ہی میں سیر کرتے وقت لنچ کریں گے۔ سڑک کے راستے اور پانی میں سفر کا یہ ٹور حیدرآباد کو واپسی کے سفر کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا اور سیاح تقریباً رات 11 بجے حیدرآباد پہنچیں گے۔ حیدرآباد سے اس ٹور کیلئے قیمت ہے بڑوں کیلئے 3,050 روپئے اور بچوں کیلئے 2450 روپئے۔ اس میں ٹرانسپورٹ، لنچ، چائے اور قیام کا احاطہ کیا جائے گا۔ وزیٹرس کو ڈنر، ناشتہ اور ٹمپل فیس کیلئے علحدہ بجٹ کا انتظام کرنا ہوگا۔