حیدرآباد سے مزید دو وندے بھارت ٹرینوں کے آغاز کے اقدامات

   

سکندرآباد، بنگلور اور پونے کیلئے سفر کی سہولت، وزارت ریلوے کی جانب سے تجاویز
حیدرآباد۔16اپریل(سیاست نیوز) شہر سے آئندہ3تا4 ماہ کے دوران مزید دو وندے بھارت ٹرینوں کے آغاز کے اقدام کئے جانے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے حیدرآباد۔ پونے اور حیدرآباد ۔بنگلورو کے لئے وندے بھارت ٹرین خدمات کا آغاز کئے جانے کا امکان ہے۔ وزارت ریلوے کی جانب سے شروع کی گئی وندے بھارت ٹرین کی دو خدمات سکندرآباد اسٹیشن سے چلائی جا رہی ہیں جن میں سکندرآباد۔وشاکھا پٹنم کے علاوہ سکندرآباد ۔تروپتی شامل ہیں جو کہ دونوں ہی تلگو ریاست آندھراپردیش کے علاقوں تک چلائی جاتی ہیں لیکن اب جو خدمات شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ان میں ایک وندے بھارت ٹرین پڑوسی ریاست کرناٹک کے صدر مقام بنگلورو کے لئے چلائی جا ئے گی جبکہ دوسری وندے بھارت ٹرین خدمات ریاست مہاراشٹرا کے علاقہ پونے کے لئے چلائی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ وزارت ریلوے کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مراکز کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کے منصوبہ کے تحت بنگلورو اور پونے کے لئے حیدرآباد سے خدمات کے آغاز کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ حکام کے مطابق وندے بھارت خدمات جو چلائی جا رہی ہیں ان میں مسافرین کی تعداد کافی ہے اور بیشتر تمام سفرمیں ٹرین مکمل طور پر پر ہونے لگی ہے اور توقع ہے کہ پونے اور بنگلورو کے لئے وندے بھارت ٹرین خدمات کا آغاز کیا جاتا ہے تو ایسی صور ت میں ان شہروں کے درمیان بھی خدمات سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد کافی زیاد ہ ہوگی۔ماہرین ریلوے ٹریفک کا کہناہے کہ وزارت ریلوے کی جانب سے دو نئی وندے بھارت ٹرینوں کے آغاز کے سلسلہ میں جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کے مطابق سکندرآباد۔ پونے اور کاچی گوڑہ ۔ بنگلورو کے درمیان ان خدمات کو چلانے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں اور اگر ان تجاویز کو قبول کرتے ہوئے مرکزی وزارت ریلوے کی جانب سے مزید دو وندے بھارت ٹرینوں کی منظوری دی جاتی ہے تو شہر حیدرآباد ملک میں پہلا شہر ہوگا جہاں سے 4 شہروں کے لئے وندے بھارت ٹرینیں چلائی جاتی ہیں۔