حیدرآباد سے واپس ہونے والی دو خواتین سے 36 افراد کو وائرس

   

Ferty9 Clinic

مشرقی گوداوری کے عوام میں دہشت، ربط میں آنے والے رشتہ داروں کی نشاندہی جاری

حیدرآباد۔ آندھرا پردیش میں حیدرآباد سے جانے والی دو خواتین کے سبب 36 افراد میں کورونا وائرس پھیل گیا۔ یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب کاکیناڈا کی ایک کالونی میں کورونا علامات کے متاثرین کا ٹسٹ کیا گیا۔ مشرقی گوداوری ضلع میں کورونا کے کیسس میں روز افزوں اضافہ حکام میں تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ بلدی نظم و نسق اور محکمہ صحت کے عہدیداروں نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے کاکیناڈا شہر کی کئی کالونیوں میں ٹسٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ ضلع میں ایک دن میں 109 کیسس منظر عام پر آئے۔ سامرلا کوٹہ منڈل میں بیک وقت 42 کورونا پازیٹیو کیسس منظر عام پر آئے۔ ان تمام کا 21 جون کو ٹسٹ کیا گیا تھا اور گزشتہ دنوں ان کی رپورٹ پازیٹیو رہی۔ ان میں سے33 افراد ایک کالونی سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کالونی سے تعلق رکھنے والی دو خواتین 17 جون کو حیدرآباد سے واپس ہوئی تھیں۔ ان دونوں خواتین کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا جس کے بعد ان سے ربط میں آنے والے افراد کی نشاندہی کی گئی جس پر پتہ چلا کہ 36 افراد کو ان خواتین کے سبب کورونا نے اپنا شکار بنایا ہے۔ ایک کالونی میں رہنے والے ان تمام افراد کا پازیٹیو پایا جانا عہدیداروں کیلئے چیلنج بن چکا ہے۔ ساری کالونی کو ریڈ زون قراردیا گیا اور گھر گھر میڈیکل جانچ شروع کردی گئی۔ ایک کالونی میں 36 افراد کا کورونا سے متاثر ہونا شہر میں عوام کیلئے سنسنی خیز ہے اور کئی علاقوں میں عوام نے اپنے طور پر تجارتی سرگرمیوں کو بند کرتے ہوئے خود کو ہوم کورنٹائن کرلیا ہے۔