حیدرآباد: حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار نے بی جے پی رکن اسمبلی راجا سنگھ کو شہریت ترمیمی قانون کے ضمن میں این ٹی آر اسٹیڈیم میں جلسہ عام کرنے کی اجاز ت دینے سے انکار کردیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجا سنگھ نے 21دسمبر کو جلسہ عام کرنے کی اجازت کے سلسلہ میں پولیس سے اجازت طلب کی تھی جسے پولیس کمشنر مسترد کردیا۔
راجا سنگھ نے اپنے مکتوب میں لکھا کہ”میں آپ کے علم میں یہ بات لانا چاہتا ہوں کہ ریاستی بی جے پی یونٹ کمیٹی نے یہ طے کیا ہے کہ شہریت ترمیمی قانون 2019ء کی حمایت میں ایک جلسہ عام منعقد کیا جائے۔ اس جلسہ میں بی جے پی ریاستی وزیر ڈاکٹر کے لکشمن مہمان خصوصی ہوں گے۔“ مسٹر سنگھ نے اپنے مکتوب میں لکھا کہ اس کے علاوہ دیگر ریاستوں کے بی جے پی وزراء بھی اس جلسہ سے خطاب کریں گے۔ لیکن کمشنر پولیس انجنی کمار نے این ٹی آر اسٹیڈیم میں ہونے والے اس جلسہ کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔