حیدرآباد شہر اور تاریخی مقامات کا فضائی سفر

   

6500 روپیوں میں ہیلی کاپٹر سفر سے لطف اندوز ہونے کا موقع
حیدرآباد۔10۔مارچ(سیاست نیوز) شہر کے فضائی سفر کے لئے 6500روپئے خرچ کرتے ہوئے شہری ہیلی کاپٹر کے سفر سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور 10منٹ کے اس فضائی سفر کے دوران شہر حیدرآباد کے مختلف سیاحتی مقامات کا فضائی مشاہدہ کیا جاسکتا ہے اور یہ سہولت 13 مارچ تک جاری رہے گی۔سوچر انڈیا اور تھرل سٹی کے علاوہ دیگر کمپنیوں کی جانب سے 8مارچ کو شروع کی گئی اس سہولت سے استفادہ کے لئے خواہشمندوں کو BookMyTicket پر اس تفریحی فضائی سفر بذریعہ ہیلی کاپٹر بک کروانا ہوگا۔ جل وہار نکلس روڈ سے متصل ہیلی پیاڈ کے ذریعہ شروع ہونے والے اس سفر کے دوران فضائی سفر کرنے والوں کو بدھا پورنیما پراجکٹ‘ حسین ساگر کے وسط میں موجود بدھا کے مجسمہ کے علاوہ نکلس روڈ ‘ تاریخی چارمینار‘ مکہ مسجد ‘ سالار جنگ میوزیم‘ فلک نما پیالس کی فضائی تفریح کروائی جائے گی اور ہیلی کاپٹر کے ذریعہ 1000 فیٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے شہر کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ 6500 روپئے میں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فضائی سفر کے ذریعہ شہر کی تفریح کو زبردست پذیرائی حاصل ہورہی ہے اور دونوں شہروں میں نوجوانوں کی جانب سے اس ’’جوائے رائیڈ‘‘ سے استفادہ کیا جانے لگا ہے۔ شہر کی فضائی تفریح کے خواہشمندوں کے لئے ریاستی حکومت اور محکمہ سیاحت کی جانب سے باضابطہ اس کا آغاز کیا گیا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر اسے منسوخ کردیا گیا لیکن اب خانگی کمپنیوں کی جانب سے تجرباتی طور پر 8مارچ کو اس فضائی تفریح کا آغاز کیا گیا ہے جو کہ 13مارچ تک جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق دن میں 11بجے سے 4بجے کے درمیان یہ فضائی سفر بک کروائے جاسکتے ہیں جو کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کروائے جارہے ہیں۔م