حیدرآباد شہر میں غبارہ کے ذریعہ فضائی سفر

   

16 تا 18 جنوری کو مقرر ، عنقریب اڈوینچر کا بھی آغاز
حیدرآباد۔14جنوری(سیاست نیوز) غبارہ کے ذریعہ فضاء کا سفر اور اس تفریح کے لئے تلنگانہ ٹوراز م کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر حیرت انگیز ردعمل حاصل ہوا ہے اور 16تا18 جنوری کے دوران شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے اس تہوار کے لئے ٹکٹوں کی فروخت کے آغاز کے چند ہی منٹوں میں غبارہ کے ذریعہ فضائی سفر کے ٹکٹ فروخت ہوگئے ۔ تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے SkyWaltz کمپنی کے ساتھ سہ روزہ تہوار کے لئے ٹکٹوں کی فروخت BookmyShow پر شروع کی تھی لیکن اندرون چند منٹ 330 ٹکٹ فروخت ہوگئے جو کہ تین یوم کے پروگرام کے لئے جاری کئے گئے تھے ۔ عہدیداروں کے مطابق کارپوریشن غباروں کی سہولت کو دیکھتے ہوئے مزید 100 ٹکٹوں کی اجرائی کی منصوبہ بندی کررہا ہے تاکہ مزید شہریوں کو اس پروگرام میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔ 16تا18 جنوری کے دوران منعقد ہونے والے اس غبارہ کے ذریعہ فضاء میں سفر کے دو اوقات کار ہیں جس میں صبح کی اولین ساعتوں میں 5بجے شروع ہونے والا سفر شاہ حاتم تالاب کے قریب سے ہوگا اور 8کیلومیٹر کی مسافت طئے کرنے کے بعد غباروں کو 2500 فیٹ کی بلندی پر لیجاتے ہوئے واپس لایا جائے گا جبکہ شام کے وقت غبارہ کے ذریعہ فضائی سفر کے اس اڈوینچر کا آغاز پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد سے ہوگا ۔ محترمہ وی کرانتی نے بتایا کہ صبح کے لئے جو ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں اور جو اضافی100 ٹکٹ کی اجرائی عمل میں لانے کا منصوبہ ہیں ان کی قیمت 2000 روپئے فی کس کے علاوہ جی ایس ٹی رکھی گئی ہے جبکہ شام کے وقت جو لوگ فضاء میں غبارہ کے ذریعہ سفر کرنے کا مزہ لینا چاہتے ہیں ان کے لئے ٹکٹ نہیں رکھا گیا ہے بلکہ شام کے وقت پریڈ گراؤنڈ سے شروع ہونے والے سفر میں حصہ لینے والوں کے لئے 15روپئے کے علاوہ جی ایس ٹی ادا کرتے ہوئے Bookmyshow پر رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔غباروں کے ذریعہ سفر کے اس اڈوینچر کا کئی برسوں بعد شہرحیدرآباد میں انعقاد ہورہا ہے اور کہا جار ہاہے کہ اس ’’شو‘‘ کے کامیاب انعقاد کے بعد غباروں کے ذریعہ فضائی سفر کی سہولت کا اور اڈوینچر کا جلد دوبارہ انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔3