حیدرآباد شہر کی اہم شاہراہیں کچرا دان میں تبدیل

   

جی ایچ ایم سی لاپرواہ ، صفائی کرمچاریوں کی ہڑتال کا طرز عمل ، وزیر کے ٹی آر سے شہریوں کے استفسارات
حیدرآباد۔9اکٹوبر(سیاست نیوز) صدرنشین کابینی ذیلی کمیٹی برائے شہری صفائی جناب کے ٹی راما راؤ ریاستی وزیر برائے بلدی نظم و نسق ایک نظر شہر حیدرآباد کی صفائی پر بھی ڈالیئے کیونکہ شہر حیدرآباد کی اہم اور مصروف ترین سڑکیں کچہرے دان میں تبدیل ہوچکی ہیں اور بلدی عہدیدارو ںکو اس بات کی قطعی پرواہ نہیں ہے کہ شہر کی سڑکوں سے کچہرے کی صفائی کو ممکن بنایا جائے اور کچہرے کی نکاسی عمل میں لاتے ہوئے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں سڑکوں پر موجود کچہرے کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں صفائی عملہ کی بھی ہڑتال جاری ہے کیونکہ شہر کے کئی مقامات سے کچہرے کی نکاسی کو 4یوم گذر چکے ہیں اور کچہرے کی نکاسی عمل میں نہیں لائی گئی ۔حکومت تلنگانہ اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد میں صفائی کے انتظامات کے بلند بانگ دعوے کئے جاتے ہیں لیکن شہر میں کچہرے کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ شہر حیدرآبادمیں صفائی کا کوئی رجحان نہ عہدیداروں میں ہے اور نہ ہی عملہ کی جانب سے کوئی ایسی کامیاب کوشش کی جا رہی ہے کہ کچہرے کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ فلک نما رعیتو بازار اور فلک نما پولیس اسٹیشن کے درمیان موجود گلی ‘ مغلپورہ پانی ٹانکی ‘مفید الانعام اسکول عالیجاہ کوٹلہ ‘ فوکس اسکول دارالشفاء‘ بی ایس این ایل دفتر گولی گوڑہ چمن‘ پرنسس عیسن اسکول پرانی حویلی ‘ ہائی کورٹ‘ گلزار حوض ‘ کمان سحر باطل ‘ معظم جاہی مارکٹ ‘ لعل دروازہ سڑک نزد سدھا ٹاکیز‘کے علاوہ دیگر علاقوں میں اگر کچہرے دانوں کی حالت دیکھی جائے تو اندازہ ہوگا کہ شہر میں کسی بھی مقام پر جی ایچ ایم سی کا صفائی عملہ کوئی کام انجام نہیں دے رہا ہے اور پرانے شہر میں تو صفائی عملہ یا عہدیداروں سے اس صورتحال کے متعلق استفسار کرنے والا بھی کوئی نہیں ہے ۔منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے توجہ دہانی کے باوجود کچہرے کی عدم نکاسی کی شکایت موصول ہونے لگی ہیں اور صفائی عملہ کے عہدیداروں کی جانب سے کچہرے کی عدم نکاسی اور جاروب کشی نہ کئے جانے کے سلسلہ شکایات کو بے بنیاد قرار دیا جارہا ہے کیونکہ بلدیہ کے ریکارڈس کے مطابق جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر میں روزانہ کے اساس پر صفائی اور کچہرے کی نکاسی عمل میں لائی جا رہی ہے اور کنٹراکٹرس کو اس کے مکمل بل جاری کئے جار ہے ہیں ۔ شہریوں کا استفسار ہے کہ اگر روزانہ کے اساس پر کچہرے کی صفائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور بل جاری کئے جا رہے ہیں تو کچہرا کیوں جوں کا تو موجود رہتا ہے اور کیوں 4یا5 دن میں ایک مرتبہ کچہرے کی نکاسی عمل میں لائی جاتی ہے!