حیدرآباد ضلع کے 15 اسمبلی حلقہ جات میں 46.22 لاکھ رائے دہندے

   

عبوری فہرست رائے دہندگان کی اجرائی، آئندہ سال جنوری میں قطعی فہرست جاری ہوگی
حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں واقع 15 اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 46.22 لاکھ درج کی گئی ہے جن میں 23.53 لاکھ مرد اور 22.68 لاکھ خواتین اور 343 تھرڈ جینڈر شامل ہیں۔ حیدرآباد ضلع کے مجموعی رائے دہندوں میں مَرد رائے دہندوں کی تعداد خواتین سے زیادہ ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے 8 فروری 2024 کو قطعی فہرست رائے دہندگان شائع کی تھی جس میں 1.14 فیصد رائے دہندوں کا اضافہ ہوا ۔ جملہ رائے دہندے 45.70 لاکھ درج کئے گئے اور اضافہ 51995 رائے دہندوں کا ہوا۔ 8 فروری اور 29 اکٹوبر کے درمیان 1.81 لاکھ ناموں کو شامل کیا گیا جبکہ 1.29 لاکھ نام حذف کئے گئے۔ اگسٹ 2024 میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم کا اعلان کیا۔ یکم جنوری 2025 کوالیفائنگ ڈیٹ طئے کی گئی۔18 سال کی تکمیل کرنے والے رائے دہندے اپنے نام شامل کرنے کیلئے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اعتراضات اور دعوے 29 اکٹوبر تا 28 نومبر پیش کئے جاسکتے ہیں جن کی یکسوئی 24 ڈسمبر تک کی جائے گی اور 6جنوری 2025 کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کی جائے گی۔ فہرست رائے دہندگان کے مسودے کے مطابق مشیرآباد اسمبلی حلقہ میں 308378 رائے دہندے ہیں۔ ملک پیٹ 319556 ، عنبر پیٹ 280451 ، خیریت آباد 301160 ، جوبلی ہلز 389287 ، صنعت نگر 254165 ، نامپلی 329839 ، کاروان 364390 ، گوشہ محل 276628 ، چارمینار 232004 ، چندرائن گٹہ 353401 ، یاقوت پورہ 364855 ، بہادر پورہ 325241 ، سکندرآباد 267933 اور سکندرآباد کنٹونمنٹ میں 254845 رائے دہندے درج کئے گئے۔1