17 ستمبر کو بی جے پی جلسہ منعقد کرنے اور امیت شاہ کو مدعو کرنے کوشاں : ڈاکٹر کے لکشمن
حیدرآباد 8 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) 17 ستمبر کو حیدرآباد لبریشن ڈے سرکاری طور پر منانے کے مطالبہ کا اعادہ کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ اگر ٹی آر ایس حکومت ان تقاریب کا اہتمام نہیںکرتی ہے تو بی جے پی اپنے طور پر اس جشن کا اہتمام کرنے اقدامات کریگی ۔ 17 ستمبر کو 1948 میں حیدرآباد کاانڈین یونین میں انضمام عمل میں آیا تھا ۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو پر تنقید کی اور کہا کہ نظام حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے والے تلنگانہ عوام کی قربانیوں کو کیوں گروی رکھا جا رہا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے 17 ستمبر کو ایک جلسہ منعقد کرنے اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو اس کیلئے مدعو کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے کئی برسوں سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ 17 ستمبر کو حیدرآباد لبریشن ڈے کا سرکاری طور پر اہتمام کیا جائے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے یہاں بی جے پی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ عوام کی عزت نفس کو مجلس کے پاس گروی رکھ رہی ہے اور وہ تلنگانہ لبریشن ڈے کا اہتمام کرنے سے گریزاں ہے ۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ ٹی آر ایس ووٹ بینک کی سیاست پر عمل پیرا ہے اور وہ اپنی حلیف جماعت کے دباو میں ایسا کرنے سے گریز کر رہی ہے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے تلنگانہ جدوجہد کے دوران آندھرائی حکمرانوں پر تنقید کی تھی کہ وہ اس دن جشن کا اہتمام نہیں کرتے تاہم انہوں نے خود علیحدہ تلنگانہ میں اقتدار ملنے کے بعد اس کو نظر انداز کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاستی بی جے پی کی صدر کی حیثیت سے چیف منسٹر کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ بتائیں کہ کس کی ایماء پر ریاست میںتلنگانہ کی عظیم شخصیتوں کی قربانیو ںکو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹی آر ایس مسلسل ایسا کرنے سے گریز کرتی رہے گی تو ریاست کے عوام اسے سیاسی طور پر دفن کردیں گے ۔ عوام خوشامد کی سیاست کو پسند کرنے والے نہیں ہیں۔
