گلزار افتتاح کریں گے، ہرش مندر اور دیگر دانشوروں کی شرکت
حیدرآباد۔ حیدرآباد لٹریری فیسٹول 2021 کا 22 جنوری کو آغاز ہوگا۔ جاریہ سال کورونا وباء کے پیش نظر تین روزہ فیسٹول ورچول رکھا جائے گا۔ ممتاز شاعر گلزار لٹریری فیسٹول کا اپنی تازہ نظم کی پیشکشی کے ذریعہ آغاز کریں گے۔ فیسٹول میں امیتو گھوش، ہرش مندر، امیش، آکر پٹیل اور دیگر مصنفین اور دانشوروں کی شرکت متوقع ہے۔ پرنسپل سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی اور فیسٹول کمیٹی کے صدرنشین جیش رنجن نے کہا کہ فیسٹول کمیٹی نے جاریہ سال کوویڈ کے باوجود پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیسٹول ملک کی تہذیبی سرگرمیوں میں اہمیت کا حامل ہے اور ادبی شعبہ سے وابستہ افراد کو اس کا بے چینی سے انتظار رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر ورچول فیسٹول رہے گا۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے مطابق مختلف مصنفین کے ساتھ بات چیت کے علاوہ مختلف موضوعات پر لیکچرس اور ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے گا۔ فیسٹول کے حصہ کے طور پر نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔ اقلیتوں، خواتین ، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کیلئے مسائل کی پیشکشی کا یہ بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ فیسٹول میں پہلی مرتبہ بیرونی زبان اور ہندوستانی زبان سے متعلق پروگرام شامل نہیں رہے گا۔ آرگنائزرس نے بتایا کہ بیرونی مندوبین کی شرکت کیلئے کم از کم 6 ماہ قبل اطلاع دینی پڑتی ہے لہذا اس بار یہ ممکن نہیں ہوسکا۔ پروفیسر ٹی وجئے کمار نے بتایا کہ جاریہ سال گلوکار ایس پی بالاسبرامنیم اور بنگالی اداکارہ سمترا چٹرجی کو خراج پیش کیا جائے گا جن کا گذشتہ سال دیہانت ہوا۔ زیادہ تر مصنفین 55 منٹ طویل سیشن میں 15 منٹ تک خیالات کا اظہار کریں گے۔ فیسٹول کا 24 جنوری کو اختتام عمل میں آئے گا۔