حیدرآباد مئیر غریبوں کی صحت کے لیے فکر مند ، کارپوریٹ ہاسپٹلس آگے آئیں

   

حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کی مئیر گدوال وجئے لکشمی نے آج کارپوریٹ ہاسپٹلس سے خواہش کی کہ وہ بستی دواخانوں میں ادویات اور ڈاکٹرس کی خدمات بطور مدد فراہم کرتے ہوئے غریبوں کے لیے سی ایس آر کا استعمال کریں ۔ اسٹیٹ آف دی آرٹ ملٹی اسپیشالیٹی اپولو اسپیکٹرا ہاسپٹل کا امیر پیٹ میں افتتاح کے موقع پر بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران انہوں نے یہ بات کہی ۔ یہ ہاسپٹل مشہور کاڈیولوجسٹ ڈاکٹر دساری پرساد راؤ کی ملکیت ہے اور وہی اس کی قیادت کرتے ہیں ۔ موصوف نانو ہاسپٹل کے صدر نشین بھی ہیں ۔ عزت مآب مئیر نے کہا کہ وہ غریبوں کی حالت پر بے حد تشویش میں مبتلا ہیں ۔ چونکہ وہ ( مئیر ) ایک عوامی نمائندہ ہیں لہذا عوام کی صحت سے متعلق ان کا فکر مند ہونا فطری بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹلس کے میڈیکل بلس کا 70 فیصد مریض اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں جو ان کے لیے یقینی طور پر ایک بہت بڑا بوجھ ہے ۔ حکومت کی جانب سے صحت کے شعبہ کے لیے 3.38% بجٹ مختص کرنے پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ گذشتہ سال کے مقابلہ 100 کروڑ روپئے زیادہ ہے ۔ حکومت بھی صحت کے شعبہ میں اپنی تمام تر کوششیں کررہی ہے لیکن اس کے باوجود عوام سے ہزاروں روپئے وصول کئے جارہے ہیں جس کے بعد ایسے واقعات بھی سامنے آئے ہیں کہ عوام کو اپنا میڈیکل بل چکانے کے لیے اپنی جائیدادیں تک گروی رکھنی پڑی ۔ لہذا اپولو ہاسپٹل جیسے میڈیکل اداروں کو غریبوں کی مدد کے لیے سامنے آنا چاہئے ۔ حکومت آروگیہ شری اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے ذریعہ غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کررہی ہے تاہم ابھی اس شعبہ میں بہت کچھ کرنا باقی ہے لہذا بڑے اور کارپوریٹ ہاسپٹلس کو ادویات اور ڈاکٹرس فراہم کرتے ہوئے غریبوں کی مدد کرنا چاہئے ۔ ان کی رائے میں کارپوریٹ ہاسپٹلس بستی دواخانوں میں 2 فیصد فنڈس کا عطیہ دے سکتے ہیں اور دینا بھی چاہئے ۔۔