حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے حیدرآباد مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ حیدرآباد مجالس مقامی ایم ایل سی ایم ایس پربھاکر راؤ کی میعاد یکم مئی کو ختم ہورہی ہے۔ انتخابی شیڈول کے مطابق 28 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا جس کے ساتھ ہی پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ پرچہ جات نامزدگی 4 اپریل تک داخل کئے جاسکتے ہیں۔ جانچ 7 اپریل کو ہوگی اور 9 اپریل تک نام واپس لینے کی گنجائش رہے گی۔ رائے دہی 23 اپریل کو صبح 8 تا سہ پہر 4 بجے ہوگی جبکہ ووٹروں کی گنتی 25 اپریل کو ہوگی اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ انتخابی عمل 29 اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا۔ شیڈول کی اجرائی سے ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے اور حیدرآباد حدود میں سرکاری سطح پر کوئی پروگرام منعقد نہیں کئے جاسکتے اور نہ حکومت کسی نئی اسکیم کا اعلان کرسکتی ہے۔ مجالس مقامی نشست الیکشن میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹرس ووٹ دیں گے۔ جی ایچ ایم سی ایم ایل سی نشست کا یہ الیکشن کانگریس، بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس کیلئے اہم ہے۔ ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے بعد جو اتحادی محاذ تشکیل پائے ہیں اُس کے تحت مجلس اور کانگریس حلیف ہیں۔ ایوان میں اگرچہ کانگریس کو اکثریت نہیں ہے لیکن وہ مجلس سے مفاہمت کرکے اِس نشست پر قبضہ کرسکتی ہے۔ بی آر ایس کارپوریٹرس میں انحراف کے نتیجہ میں وہ اِس نشست کیلئے مقابلہ کریگی یا نہیں اِس کا فیصلہ جلد ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس اور مجلس کے درمیان اِس نشست کے لئے معاہدہ ہوچکا ہے۔ ایم ایل اے کوٹہ کے تحت مجلس کے رکن ریاض الحسن آفندی کی سبکدوشی پر حکومت نے دوبارہ مجلس کو نشست الاٹ نہیں کی اور اُس کے بدلے حیدرآباد مجالس مقامی کی نشست الاٹ کرنے کا تیقن دیا ہے۔ الیکشن نوٹیفکیشن کی 28 مارچ کو اجرائی کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔1