حیدرآباد مجالس مقامی ایم ایل سی نشست ‘مجلس و بی جے پی میں مقابلہ

   

ریاض الحسن آفندی اور گوتم راؤ امیدوار، 23 اپریل کو رائے دہی، کانگریس و بی آر ایس الیکشن سے دور
حیدرآباد 4 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کے لئے مجلس اور بی جے پی کے درمیان مقابلہ طے ہوچکا ہے۔ بی آر ایس اور کانگریس نے انتخابات سے دوری اختیار کرلی اور مجلس اور بی جے پی نے اپنے امیدوار میدان میں اُتارے ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آج آخری دن تھا۔ مجلس نے ریاض الحسن آفندی کو امیدوار بنایا ہے جبکہ بی جے پی نے این گوتم راؤ کی امیدواری کا اعلان کیا۔ دونوں امیدواروں نے آج اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے۔ حیدرآباد بلدیہ میں عددی طاقت کے اعتبار سے مجلس کو اکثریت حاصل ہے اور اُس کے امیدوار کی کامیابی یقینی ہے۔ بی جے پی نے گریٹر حیدرآباد میں پارٹی کارکنوں کے حوصلے بڑھانے مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے حالانکہ اُس کے پاس کامیابی کیلئے درکار عددی طاقت نہیں ہے۔ پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 9 اپریل ہے جبکہ 23 اپریل کو رائے دہی ہوگی اور 25 اپریل کو رائے شماری اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ بلدیہ حیدرآباد میں جملہ ووٹر 110 ہیں جن میں مجلس 49، بی آر ایس 25، بی جے پی 22 اور کانگریس کے 14 ارکان ہیں۔ انتخابات کی صورت میں کانگریس کی جانب سے مجلسی امیدوار کی تائید کی جائے گی جبکہ بی آر ایس رائے دہی میں حصہ نہیں لے گی۔ بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ بی آر ایس اور کانگریس کو بے نقاب کرنے اُس نے مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلس کے ریاض الحسن آفندی کو دوسری مرتبہ کونسل کیلئے نامزد کیا گیا۔ وہ پہلی میعاد میں ایم ایل اے کوٹہ سے منتخب ہوئے تھے لیکن حال میں ایم ایل اے کوٹہ کی 4 ایم ایل سی نشستوں کے چناؤ میں برسر اقتدار کانگریس نے 3 نشستیں حاصل کرکے حیدرآباد مجالس مقامی کی ایم ایل سی نشست مجلس کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ریاض الحسن آفندی نور خاں بازار بلدی حلقہ سے کارپوریٹر منتخب ہوئے تھے اور 2019 ء میں اُنھیں کونسل کیلئے نامزد کیا گیا۔ 29 مارچ کو دیگر 4 ارکان کے ساتھ اُن کی میعاد بھی ختم ہوئی۔ پارٹی نے اُنھیں دوبارہ ایم ایل سی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا کہ بی جے پی امیدوار این گوتم راؤ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے قریبی ہیں۔ حیدرآباد ایم ایل سی نشست پر کانگریس کے ایم ایس پربھاکر کی میعاد یکم مئی کو ختم ہورہی ہے لہذا اِس نشست پر الیکشن کمیشن نے انتخابات کا اعلان کیا ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آج آخری دن تھا اور 7 اپریل تک پرچہ جات کی جانچ کی جائے گی جبکہ 9 اپریل تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ 23 اپریل کو صبح 8 تا سہ پہر 4 بجے رائے دہی ہوگی اور 25 اپریل کو نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔1