حکومت کی اجازت کے اندرون 24 گھنٹے خدمات کی بحالی : ایم ڈی
حیدرآباد۔28اپریل(سیاست نیوز) عوامی نظام حمل و نقل کو شروع کرنے کے فیصلہ کی صورت میں حیدرآباد میٹرو ریل کو 24گھنٹے درکار ہوں گے اور اس کے بعد ہی حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات کا احیاء عمل میں لایا جاسکتا ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے یا مرکزی حکومت کی جانب سے مستقبل قریب میں لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود عام شہریوں کی طرح سرکاری محکمہ جات بھی لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے منتظر ہیں اور اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن ختم ہوتو ان کی خدمات کا احیاء عمل میں آئے ۔حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے خدمات کے احیاء کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ اب تک حکومت کی جانب سے ایسے کوئی احکام یا اشارے نہیں دیئے گئے ہیں کہ حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات کو بحال کیا جانے والا ہے یا عوامی نظام حمل و نقل کو کھولا جا رہاہے لیکن اس کے باوجود بھی حیدرآباد میٹرو ریل خدمات کی بحالی کیلئے پوری طرح سے تیار ہے اور جب کبھی حکومت کی جانب سے اجازت دی جائے گی حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے 24گھنٹے بعد خدمات کا احیاء کردیا جائے گا اور شہریوں کی سہولت کے اقدامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے ساتھ عوامی ذرائع حمل و نقل کے آغاز کے اقدامات کئے جاتے ہیں اور اس میں سماجی فاصلہ کی برقراری کی شرط کے ساتھ اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں حیدرآباد میٹرو ریل کو 24گھنٹے درکار ہوں گے اور 24گھنٹے کے بعد ہی خدمات کا احیاء ممکن ہوگا۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جب کبھی لاک ڈاؤن کے خاتمہ کا اعلان کیاجائے گا اس کے ساتھ ہی بتدریج عوامی ذرائع حمل و نقل کی کے آغاز کی مشروط اجازت دی جائے گی جس میں سماجی فاصلہ کی برقراری کی شرط کے علاوہ دیگر کئی اہم شرائط و رہنمایانہ خطوط ہوں گے۔
