30 یوم میں 30 سفر کی سہولت، مختلف میٹرو اسٹیشن پر حصول پاس کی سہولت
حیدرآباد۔یکم۔جولائی(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل نے طلبہ کے لئے پاس کی سہولت کا اعلان کیا ہے اور طلبہ میٹرو ریل کا پاس حاصل کرنے کے بعد ماہانہ 30 سفر میٹرو ریل کے ذریعہ کرسکتے ہیں جس کے لئے انہیں محض 20 سفر کے لئے ادائیگی کرنی ہوگی۔ حیدرآباد میٹروریل کے ٹوئیٹر کے ذریعہ شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق 30 یوم کے دوران 30 مرتبہ سفر کی سہولت فراہم کرنے والے اس ’’اسٹوڈنٹ میٹرو پاس‘‘ کے لئے طلبہ کو محض 20 سفر کی ادائیگی کرنی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق یکم جولائی سے شروع کئے جانے والے اس اسمارٹ کارڈ اسٹوڈنٹ پاس کو 9ماہ کی مدت کے لئے کارکرد بنایا گیا ہے جو کہ 31مارچ 2024 تک کارکرد رہے گااور طلبہ اگر چاہیں تو اس کارڈ کو ایک یا دو ماہ کی مدت کا بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ حیدرآباد میٹرو ریل جو کہ شہر کے کئی مقامات تک سفر کی سہولت فراہم کرتی ہے اس میں سفر کی صورت میں طلبہ کے لئے 10 مفت سفر کی سہولت میں آئندہ اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے کیونکہ حیدرآباد میٹرو ریل نے پہلی مرتبہ طلبہ کے لئے پاس کی سہولت فراہم کی ہے جو کہ 9ماہ کے لئے کارکرد رہے گی۔ میٹرو ریل کے عہدیداروں کے مطابق طلبہ اپنے کالج کے شناختی کارڈ دکھاتے ہوئے جے این ٹی یو‘ ایس آر نگر‘ امیر پیٹ ‘ وکٹوریہ میموریل‘دلسکھ نگر کے علاوہ نارائن گوڑہ ‘ ناگول‘ پریڈ گراؤنڈ بیگم پیٹ اور رائے درگ میٹرو اسٹیشن کے ٹکٹ کاؤنٹر سے اسٹوڈنٹ پاس خرید سکتے ہیں جو کہ اسمارٹ کارڈ کی طرح ہیں۔ م