حیدرآباد میٹرو ریل کے بعد ملک کی دوسری سب سے بڑی لائن

,

   

فلم بینی ، موسیقی کی سماعت کیلئے طیارہ جیسی لاسلکی سہولتوں کی فراہمی میں پہلا مقام ، مسافرین کو راحت

حیدرآباد۔ /31 ڈسمبر (سیاست نیوز) امیرپیٹ ہائی ٹیک سٹی راہداری پر 2019 ء کے دور ان /20 مارچ کو حیدرآباد میٹرو کا آغاز ہوا ۔ مادھاپور ، گچی باؤلی اور اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی ملازمین نے اطمینان کی سانس لی تھی ۔ اس راہداری کے افتتاح کے بعد اب شہر کے مشرقی و مغربی حصوں کے درمیان رہنے والے ملازمین کو ایک آسان ، اطمینان بخش اور آرام دہ ٹرانسپورٹ رابطہ حاصل ہوگیا ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راؤ اور وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے /29 نومبر کو رائے درگ تک میٹرو سرویسیس کا افتتاح کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے نومبر 2017 ء میں اس کا افتتاح کیا تھا جو اگرچہ صرف 30 کیلو میٹر کا ہی احاطہ کرتی تھی لیکن اندرون دو سال 50 کیلو میٹر تک وسعت اختیار کرتے ہوئے دہلی کے بعد ملک کی دوسری سب سے بڑی میٹرو نٹورک کی حیثیت سے ابھری ہے ۔ مسافرین کا تعاون بھی روز بہ روز بڑھ رہا ہے ۔ ان کی تعداد جو ابتداء میں 1.5 لاکھ یومیہ تھی اب چار لاکھ یومیہ تک پہونچ گئی ہے ۔ صرف رائے درگ اور ہائی ٹیک سٹی کے درمیان ہی یومیہ 40,000 مسافرین کا اضافہ ہوا ہے ۔ منفرد خدمات کی حامل حیدرآباد میٹرو شہری ٹرانسپورٹ طریقہ کار میں تبدیلی لانے کے علاوہ 2019 ء کے دوران بالخصوص خدمات کی فراہمی کے معاملے میں کئی اہم ریکارڈ قائم کی ہے ۔ ان میں سب سے اہم مسافرین کی بلارکاوٹ آسان سفر کی سہولت ہے ۔ حال ہی میں میٹرو نے ’ میک مائی ٹرپ‘ کے تعاون سے کیو آرڈ کوڈ پر مبنی ٹکٹنگ متعارف کیا جس کے نتیجہ میں مسافرین کو طویل قطاروں میں صبر آزما انتظار کی مصیبت سے چھٹکارہ ملا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ملک کی پہلی سرویس ہے جس میں طیاروں جیسی لاسلکی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے استعمال سے مسافرین نہ صرف اپنی پسند کے فلم دیکھ سکتے ہیں ۔ موسیقی سن سکتے ہیں بلکہ کمپیوٹر گیمس بھی کھیل سکتے ہیں ۔ ان خدمات تک رسائی کے لئے مسافرین کو ڈیٹا رسائی درکار نہیں ہوگی ۔ علاوہ ازیں آر ٹی سی ملازمین کی 52 روزہ ہڑتال کے دوران حیدرآباد میٹرو نے مصروف ترین اوقات کے دوران روزانہ صبح 6 بجے تا 11 بجے شب 3.5 منٹ اور 4.5 منٹ کے وقفہ سے ٹرین چلائی ۔ عام اوقات 6-7 منٹ کے وقفہ سے ٹرینیں چلائی گئیں ۔