حیدرآباد میٹرو ٹرین میں کوچس کی تعداد میں اضافہ پر غور

   

مسافرین میں اضافہ، موجودہ 3 کوچس کو بڑھاکر 6 کرنے کیلئے حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کی تیاریاں
حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ نے مسافرین کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کوچس کی تعداد کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 4 تا 6 کوچس میں اضافہ پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے اور اضافہ کے نتیجہ میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں عوام کو بروقت مسافت طے کرنے میں مدد ملے گی۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے عہدیداروں کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے کوچس کی تعداد میں اضافہ کے لئے عوام کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جارہا تھا اور شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک سے نجات پانے کے لئے عوام میٹرو میں سفر کو ترجیح دے رہے ہیں۔ فی الوقت میٹرو ٹرین میں 3 کوچس ہیں جو کسی بھی اعتبار سے مسافرین کی اضافی تعداد سے نمٹنے سے قاصر ہیں۔ میٹرو کے تحت 3 روٹ پر موجودہ 56 ٹرینوں کے تحت ہر ٹرین میں صرف 3 کوچس ہیں۔ دہلی، ممبئی، کولکتہ اور بنگلور کی طرح کوچس کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ شدت اختیار کرچکا ہے۔ میٹرو حکام مسافرین کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے مزید 40 تا 50 اضافی کوچس کو حاصل کرنے پر غور کررہے ہیں۔ نئے کوچس کی تیاری کے بعد اُنھیں موجودہ ٹرینوں سے مربوط کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین کو 6 کوچس پر مبنی بنانے کی تیاری کی جارہی ہے تاکہ مسافرین کے ہجوم سے نمٹا جاسکے۔ منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ سرفراز احمد نے بتایا کہ موجودہ سروسیس میں ابتدائی مرحلہ میں 3 تا 4 کوچس کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ کوچس کے حصول کے سلسلہ میں مذاکرات ابتدائی مرحلہ میں ہیں اور آرڈر دیئے جانے کے بعد توقع ہے کہ کم از کم 2 سال میں زائد کوچس حیدرآباد پہونچ جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایل اینڈ ٹی کی جانب سے حیدرآباد میٹرو کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد کوچس کی تعداد میں اضافہ ممکن ہوگا۔ عام طور پر مسافرین کی شکایت ہے کہ ملازمت کے بعد واپسی میں شام کے وقت ٹرین میں ہجوم کے سبب وہ نشست حاصل کرنے میں ناکام ہورہے ہیں جس کے نتیجہ میں اُنھیں مکمل سفر ٹھہر کر کرنا پڑرہا ہے۔ ناگول تا بیگم پیٹ روٹ پر آئی ٹی پروفیشنلس کی تعداد زیادہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک میں کوچس تیار کرنے والی 3 کمپنیوں سے مذاکرات جاری ہیں۔ خواتین کے لئے کم از کم 2 کوچس مختص کرنے کی مانگ کی جارہی ہے۔ مسافرین کی رائے میں میٹرو سے سفر نہ صرف محفوظ بلکہ کم وقت میں منزل تک پہونچنے میں مددگار ہے۔ اضافی کوچس کے حصول سے میٹرو ٹرین فیز II کی تکمیل پر نئی ٹرین سروسیس کے آغاز میں مدد ملے گی۔1