حیدرآباد11فروری(یواین آئی) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت حیدرآباد میٹرو پروجیکٹ میں تعاون نہیں کررہی ہے ۔ انہوں نے اس معاملہ پر اسمبلی میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی تجاویز کا جواب نہیں دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کیا کہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں صرف میٹرو کو ہی فنڈ دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے ایس این ڈی پی، میٹرو ریل اور چارمینار فٹ پاتھ ترقیاتی کاموں سے متعلق ارکان کے سوالات کے جوابات دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ملک میں سب سے تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔ یہ شہر ملک کا اقتصادی انجن بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شمس آباد ایرپورٹ تک میٹرو کو تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو حکام کو پہلے ہی انتباہ دیاگیا ہے کہ وہ ٹکٹ کی قیمتیں اپنی مرضی کے مطابق نہ بڑھائیں۔ میٹرو حکام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ قیمتیں آر ٹی سی کے برابر ہونی چاہئیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت پرانے شہر کے لیے میٹرو کے کام کے لیے سنجیدہ ہے ۔