حیدرآباد میں آئندہ 3 دن شدید بارش کا امکان

   

شہر کیلئے ایلو الرٹ اور کئی اضلاع میں آرینج الرٹ جاری
حیدرآباد۔26 ۔اگست (سیاست نیوز) ریاست میں بارش نے کئی اضلاع بشمول حیدرآباد میں گرمی کی شدت میں کمی کردی ۔ محکمہ موسمیات نے حیدرآباد کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے اور آئندہ تین دنوں میں حیدرآباد کے بشمول کئی اضلاع میں بھاری بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ چوکس رہیں۔ نرمل ، جگتیال ، سرسلہ ، کاما ریڈی ، میدک ، سنگا ریڈی ، رنگا ریڈی ، محبوب نگر اور کھمم اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کیلئے محکمہ موسمیات نے بھاری بارش کے امکانات کے پیش نظر ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ پیش قیاسی کی گئی کہ حیدرآباد میں 7.5 تا 15 ملی میٹر بارش متوقع ہے ۔ آرینج الرٹ کے تحت شدید سے موسلادھار بارش کا امکان رہتا ہے اور ایسے علاقوں میں جہاں آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ 15 تا 33 ملی میٹر بارش کا امکان ہے ۔ اسی دوران حیدرآباد کے کئی علاقوں میں آج دوپہر سے بارش کا آغاز ہوا۔ بیشتر علاقوں میں تقریباً ایک گھنٹہ تک تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ گولکنڈہ کے علاقہ میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ریاست بھر میں سب سے زیادہ بارش جگتیال ضلع میں ریکارڈ کی گئی جو 87.3 ملی میٹر رہی۔ بارش کے سبب حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں ٹریفک متاثر رہی اور ٹریفک حکام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی اضلاع میں بارش کے نتیجہ میں دیہاتوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں۔ R