امیت شاہ کے فرزند جئے شاہ نے احمد آباد میں 12 میچس منعقد کرنے کی منظوری دی
محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد: شہر حیدرآبا دمیں آئی پی ایل کے جملہ 60میاچس میں ایک بھی شہر حیدرآباد میں منعقد نہیں ہوگا اور اس کے لئے ذمہ دار کون ہے!شہر حیدرآبادمیں پہلی مرتبہ کوئی بھی آئی پی ایل میاچ نہیں ہوگا جبکہ حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن نے میاچس کی میزبانی کیلئے تیار رہنے کااعلان کیا تھا اور ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بی سی سی آئی اور آئی پی ایل انتظامیہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حیدرآباد میں میاچس کے انعقاد کو یقینی بنانے کی خواہش کی تھی لیکن اس کے باوجود آئی پی ایل اور بی سی سی آئی نے 9اپریل سے آئی پی ایل میاچس کے شیڈول کا اعلان کردیا اور شہر حیدرآباد میں ایک بھی میاچ منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی اور آئی پی ایل کی جانب سے احمدآباد کے موٹیرااسٹیڈیم میں جسے دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم قراردیا گیا ہے وہاں 12میاچس منعقد کرنے کو منظوری دی ہے اور کہا جا رہاہے کہ بی سی سی آئی سیکریٹری جئے شاہ جو کہ امیت شاہ کے فرزند ہیں ان کی وجہ سے احمدآباد میں سب سے زیادہ میاچس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جملہ 60 میاچس میں 12میاچس احمدآباد میں منعقد کئے جائیں گے جبکہ چینائی میں 10 میاچس کھیلیں جائیں گے ۔ اسی طرح ممبئی میں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے وہاں 10 میاچس منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بنگلورو میں جملہ 10 میاچس منعقد کئے جانے والے ہیں جبکہ کولکاتہ میں بھی 10 میاچس کھیلیں جائیں گے۔ دہلی میں 8 میاچس کو منظوری دی گئی ہے۔ حیدرآباد میں میاچس منعقد نہ کرنے کے فیصلہ پر بی سی سی آئی اور آئی پی ایل انتظامیہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا جا رہاہے جبکہ حیدرآباد میں میاچس کے عدم انعقاد کیلئے بی سی سی آئی کے اصولوں کا جائزہ لینے پر یہ بات واضح ہوتی ہے کہ حیدرآباد میں آئی پی ایل کے میاچس کے انعقاد نہ ہونے کے لئے حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن ذمہ دار ہے کیونکہ بی سی سی آئی کے اصولوں کے مطابق جب تک کسی کرکٹ اسوسیشن کی جانب سے اپنی جنرل باڈی میٹنگ میں سال گذشتہ کے حسابات اور اخراجات کو منظوری نہیں دی جاتی اس وقت تک اس شہر میں میاچس منعقد نہیں کئے جاتے اور حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کے جنرل باڈی اجلاس کے عدم انعقاد کے سبب حیدرآباد میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کسی بھی میاچ کی میزبانی کو منظوری نہیں دی گئی ہے۔