حیدرآباد میں آج سن رائزرس کا راجستھان سے مقابلہ

   

حیدرآباد: متوازن اسکواڈ کے ساتھ جس میں ایک شاندار بیٹنگ لائن اپ اور تجربہ کار بولرز شامل ہیں، پچھلے سیزن کے رنر اپ سن رائزرس حیدرآباد اتوار کے روز اپنے افتتاحی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میچ میں راجستھان رائلز کے خلاف پسندیدہ ٹیم کے طور پر میدان میں اتریں گے۔ سنورائزرس کے پاس کچھ خطرناک بیٹرس موجود ہیں، جن میں ٹریوس ہیڈ، ابھیشیک شرما، ایشان کشن اور ہینرک کلاسین شامل ہیں۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایک اچھی بیٹنگ پچ کی امید کی جا رہی ہے اور ایسے میں سن رائزرس کو ایک بڑا اسکور بنانے کا پورا یقین ہوگا۔ درحقیقت، اگر کوئی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 300 رنزکا جادوئی ہندسہ عبورکر سکتی ہے تو وہ سن رائزرس ہی ہو سکتی ہے، کیونکہ ان کے پاس غیر معمولی بیٹنگ طاقت ہے۔ ہندوستانی آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی کی انجری سے واپسی بھی سن رائزرس کے اسکواڈ کو مزید مضبوط کرے گی۔ ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ حالیہ فارم میں شاندار کھیل رہے ہیں، اور ان کے شاندار اسٹروکس دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ ابھیشیک شرما نے اپنی آخری بین الاقوامی ٹی20 اننگز میں انگلینڈ کے خلاف فروری میں 54 گیندوں پر 135 رنز اسکور کیے، جس میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 250 رہا۔ دوسری طرف راجستھان رائلز کی بولنگ میں کوئی خاص تجربہ کار نام موجود نہیں، سوائے انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچرکے۔ ان حالات میں اگر سن رائزرس پہلے بیٹنگ کرتے ہیں تو وہ ایک اور 250 سے زائد رنزکا اسکور بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آئی پی ایل 2024 میں سن رائزرس نے تین بار250 سے زیادہ رنز اسکور کیے تھے، جس میں رائل چیلنجرز بنگلوروکے خلاف 287 رنز اورممبئی انڈینز کے خلاف 277 رنز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ نے دہلی کیپیٹلز کے خلاف پاور پلے میں 125رنز بنا کر آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا پاور پلے اسکور بھی بنایا تھا، جب ٹیم نے 266 رنز اسکور کیے تھے۔ بولنگ میں سن رائزرس کے پاس کپتان پیٹ کمنز اور محمد سمیع کی تجربہ کار فاسٹ بولنگ جوڑی ہے، جبکہ ایڈم زمپا کی اسپن بولنگ بھی ان کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ 2016 کی چیمپئن سن رائزرس راجستھان رائلز کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط نظر آرہے ہیں، جو اپنے کپتان سنجو سیمسن کی انگلی کی چوٹ کی وجہ سے انہیں مکمل طور پر دستیاب نہیں رکھ سکیں گے۔ سیمسن فیلڈنگ اور وکٹ کیپنگ نہیں کرسکیں گے اور صرف بیٹنگ کر سکیں گے، وہ بھی حفاظتی اقدامات کے ساتھ۔ ایسے میں انہیں امپیکٹ پلیئرکے طور پر لایا جا سکتا ہے۔ ریان پراگ راجستھان رائلز کی ابتدائی تین آئی پی ایل میچز میںعبوری کپتانی کریں گے۔ جوس بٹلرکے اخراج کے بعد، راجستھان رائلز کی بیٹنگ لائن اپ کمزور ہوگئی ہے، تاہم ان کے پاس اب بھی شمرون ہٹمائر، دھروو جوریل، نیتیش رانا اور یشسوی جیسوال جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔