نئی دہلی: 14 جون (یو این آئی) ایگریکلچر ورکنگ گروپ کی وزارتی سطح کی میٹنگ حیدرآباد میں 15 تا 17 جون منعقد ہوگی۔ 3 روزہ پروگرام میں G-20 رکن ممالک ، مدعو ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے 200 سے زیادہ نمائندے حصہ لیں گے۔اس پروگرام میں مختلف ممالک کے وزرائے زراعت اور بین الاقوامی تنظیموں کے ڈائریکٹر جنرل بھی شامل ہوں گے۔ پہلے دن کا آغاز زراعت و کسان و بہبود کی وزارت میں وزیر مملکت کیلاش چودھری کے ذریعہ ایک عظیم الشان نمائش کے افتتاح کے ساتھ ہوگا۔ اس کے علاوہ زرعی کاروباری کمپنیوں کی تشہیر میں شامل اسٹارٹ اَپ اور مرکز و ریاستی سرکار کی ایجنسیاں بھی حصہ لیں گی۔ میٹنگ کے دوسرے دن کا آغاز مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کریں گے۔ اس دن کے وزارتی سطحی پروگراموں میں تین مساوی سیشن ہوں گے۔ وزراء کی میٹنگ کا تیسرا دن ایگریکلچر ورکنگ گروپ G-20، ہندوستانی صدارت کے نتائج کو اپنانے کے ساتھ ختم ہوگا۔ اس کے بعد نمائندہ وفود آئی آئی ایم آر حیدرآباد کا تکنیکی دورہ کریں گے ۔