حیدرآباد میں آج مصنوعی ذہانت پر عالمی کانفرنس

   

2 ہزار مندوبین کی شرکت ، چیف منسٹر ریونت ریڈی افتتاح کریں گے
حیدرآباد۔4 ۔ ستمبر۔(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں مصنوعی ذہانت کے متعلق منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے 2000 مندوبین شرکت کرنے والے ہیں اس کا افتتاح چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 5ستمبر کو ہائی ٹیکس کنونشن میں انجام دیں گے اور اس موقع پر ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابو کے علاوہ دیگر موجود رہیں گے ۔حیدرآباد اور تلنگانہ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی AI Conference کے دوران متعدد امور بالخصوص شعبہ جات میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے مواقع اور اس کی تیزی سے بڑھ رہی اہمیت پر مباحث منعقد ہوں گے ۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں قائم کئے جانے والے نئے ’’چوتھے شہر‘‘ کو مصنوعی ذہانت کے ذریعہ ہونے والی ترقی کو نظر میں رکھتے ہوئے آباد کرنے کا جو منصوبہ تیار کیا ہے اس میں حکومت کی جانب سے 200 ایکڑ پر محیط AI سٹی بھی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں جو منصوبہ بندی کی ہے اور اپنے گذشتہ دورہ امریکہ کے دوران مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں موجود مواقع کا جائزہ لینے بعد اسے تلنگانہ میں تیز رفتار ترقی اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف منسٹر کی جانب سے اس شعبہ میں دلچسپی کے اظہار کے بعد کانفرنس میں شرکت کرنے والی کمپنیوں نے اس میں مزید 25 منصوبوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور AI سب کے لئے کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس سے کئی توقعات وابستہ ہیں۔3