حیدرآباد۔ یکم ؍ مئی (سیاست نیوز) لوک سبھا حلقہ حیدرآباد میںآزادانہ و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے تمام 1944 پولنگ بوتھس پر ویب کاسٹنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ یہ سہولت لوک سبھا حلقہ کے تمام اسمبلی حلقوں ملک پیٹ، کاروان، چارمینار، چندرائن گٹہ، یاقوت پورہ، بہادر پورہ اور گوشہ محل میں دستیاب ہوگی۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ کلکٹر اینڈ ریٹرننگ آفیسر انودیپ درشٹی کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنس پر مائیکرو آبزرورس تعینات کئے جائیں گے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی جائے گی۔ 85 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں اور جسمانی معذورین کیلئے 3 اور 4 مئی کو ہوم ووٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ (12D فارمس) کے ذریعہ ہوم ووٹنگ کیلئے 181 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن کے منجملہ 129 درخواستوں کو قبول کیا گیا ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ کیلئے دو ٹیموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ ٹیمیں ان افراد کے گھروں کا دورہ کریں گی جنہوں نے ہوم ووٹنگ کیلئے درخواست دی ہے۔ الیکشن حکام نے بزرگ شہریوں اور جسمانی معذور افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ ہوم ووٹنگ کے دن گھر پر موجود رہیں۔ الیکشن ڈیوٹی پر تعینات افراد کیلئے پوسٹل ووٹنگ کی سہولت 3 تا 8 مئی آل سینٹس ہائی اسکول میں قائم کردہ سنٹر پر دستیاب ہوگی۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کیلئے 30 امیدوار میدان میں ہیں۔