حیدرآباد میں آکسیجن سیلنڈرس کی طلب میں اضافہ ، پڑوسی ریاستوں سے سیلنڈرس کا حصول

,

   

Ferty9 Clinic

شہر میں بلیک مارکیٹنگ عروج پر ، ایجنسیوں کو سیاسی پشت پناہی ، مریض بھاری رقم ادا کرنے پر مجبور
حیدرآباد۔ آکسیجن سلینڈر کی مانگ میں ہونے والے اضافہ اور شہر حیدرآباد کی ِضرورت کو پورا کرنے کے لئے پڑوسی ریاستوں سے آکسیجن سلینڈرس حاصل کئے جانے لگے ہیں ۔ محکمہ پولیس کی جانب سے سلینڈرس سربراہ کرنے والوں کو ہراساں کئے جانے کی شکایات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پولیس اور ٹاسک فورس نے سلینڈرس کی بلیک مارکٹنگ کرنے والوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے اور غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے سلینڈرس کی مفت فراہمی کے عمل میں مداخلت بیجا سے گریز کیا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود کئی اہم فلاحی تنظیموں اور ادارو ںکی جانب سے مفت آکسیجن سلینڈرس کی فراہمی کا سلسلہ ترک کردیا گیا ہے جس کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ شہر حیدرآباد میں آکسیجن سلینڈر کا کاروبار سابق میں کبھی اتنی اہمیت کا حامل نہیںتھا لیکن اب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کو دیکھتے ہوئے اس کاروبار سے جڑے ہوئے کئی لوگ بے حساب منافع حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

جبکہ شہر حیدرآباد میں ہی آکسیجن کے کاروبار سے جڑے بعض افراد کی جانب سے جذبۂ خدمت انسانی کے تحت سلینڈرس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور معمول کے مطابق کرایہ اور ڈپازٹ حاصل کرتے ہوئے سلینڈرس فراہم کئے جانے لگے ہیں جس سے مریضوں کے رشتہ داروں کو کافی راحت حاصل ہورہی ہے۔ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے کئی متمول خاندانوں کی جانب سے سلینڈر اور الکٹرانک آکسیجن مشین خرید لی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جن لوگوں کی جانب سے سلینڈر اور الکٹرانک آکسیجن مشینیں خریدی گئی ہیں وہ ان مشینوں کے ذریعہ اپنے قریبی رشتہ داروں اور احباب کو ضرورت پڑنے پر فراہم کررہے ہیںلیکن سلینڈرس اور مشینوں کی خریدی کے عمل نے سلینڈرس کے ذریعہ خوب دولت حاصل کرنے کے حریص تاجرین کی چاندی کردی ہے اور وہ اپنے رشتہ دارو ںاور احباب کی مدد سے اپنے کاروبار کو فروغ دے رہے ہیں ۔پرانے شہر کے علاقہ میں آکسیجن سلینڈرس کی فراہمی کا کام کرنے والی قدیم ایجنسیوں کی جانب سے سیاسی پشت پناہی کے ذریعہ اب بھی اپنی من مانی کی جا رہی ہے اور وہ خفیہ طریقہ سے اب بھی سلینڈرس کی فروخت کے لئے اپنے رشتہ داروں اور احباب کی مدد حاصل کر رہے ہیں۔