حیدرآباد میں امریکی قونصل خانہ کے قیام سے تعلقات میں استحکام

   

Ferty9 Clinic

امریکہ کی 243 ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں تقریب۔ گورنر نرسمہن و کیتھرین ہاڈا کا خطاب
حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) ہند۔امریکہ تعلقات کے استحکام میں تعلیمی ‘ تجارتی اور سفارتی امور اہمیت کے حامل ہیں اور حیدرآباد میں امریکی قونصل خانہ کے قیام کے بعد امریکہ اور ہندستان کے تعلقات میں جو ریکارڈ ترقی قابل ذکر ہے۔ گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآبادمسز کیتھرین ہاڈاکی جانب سے امریکہ کی 243 ویں یوم آزادی کی تقریب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ مسٹر نرسمہن نے کہا کہ وہ گذشتہ ایک دہائی سے قونصل خانہ کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں لیکن گذشتہ تین برسوں میں راج بھون اور قونصل خانہ کے درمیان جو تعلقات استوار ہوئے ہیں وہ قریبی رہے ‘ انہوں نے کہا کہ قونصل جنرل کیتھرین ہاڈا سفارتی عہدیدار کی طرح نہیں بلکہ روایتی و غیر رسمی تعلقات کے ذریعہ حیدرآباد و تلنگانہ عوام کے درمیان رہی ہیں اسی طرح انہو ںنے حکومت اور راج بھون سے بہترین تعلقات استوار رکھے۔ مسٹر نرسمہن نے آندھرا اور تلنگانہ کے عوام کی جانب سے امریکی عوام کو 243 ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جمہوریت کے استحکام کیلئے عوامی شراکت داری اور اظہار خیال کی آزادی انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور امریکی جمہوریت کی یہ خصوصیت ہے کہ امریکہ میں اظہار خیال کی آزادی اور عوامی شراکت داری دونوں ہیں۔ قبل ازیں مسز کیتھرین ہاڈا نے اپنے شوہر مائیکل انڈریوس کے ہمراہ شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ہندستان کے تعلقات میں مزید استحکام کے سلسلہ میں سفارتی عملہ ہر وقت سرگرم رہاہے۔ تقریب میں مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں قابل ذکرڈپٹی ہائی کمشنر برطانیہ مسٹر انڈریو فلیمنگ‘ قونصل جنرل ترکی متعینہ حیدرآباد مسٹر عدنان الترینوس‘ مسٹر ٹی سبی رامی ریڈی‘ مسٹر جئیش رنجن‘ مسٹر کے وشویشور ریڈی ‘ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست‘ جناب ایوب علی خان ‘ پدم شری جناب محمد علی بیگ ‘ ڈاکٹر جنار دھن ریڈی ‘ جناب مرزا یاور بیگ‘ مولانا مفتی زبیر ‘ جناب سید عارف ‘ برادر عمران ‘ مسٹر گوتم سوانگ‘ مسٹر ترون جوشی شامل ہیں۔