حیدرآباد ۔ 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں موسیقی ریز پروگرامس کے انعقاد کیلئے دینویر، امریکہ میں موجود مشہور ’’ریڈراکس ایمفی تھیٹر‘‘ کی طرح ایک اوپن ایمفی تھیٹر قائم کرنے کیلئے پیش کی گئی ایک تجویز پر وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راماراؤ کی توجہ مبذول ہوئی ہے۔ ایک ٹوئیٹر یوزر نے یہ تجویز پیش کی جس پر وزیرموصوف نے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔ ایک ٹوئیٹر پوسٹ پر ایک یوزر نے لکھا کہ حیدرآباد کے اطراف میں کئی پہاڑ ہیں، جہاں آپ دینویر، امریکہ میں موجود ریڈراکس ایمفی تھیٹر کی طرح موسیقی ریز پروگرامس کیلئے ایک اوپن ایر ایمفی تھیٹر قائم کرنے کا منصوبہ بنا سکتے ہیں۔ اس تجویز پر کے ٹی راماراؤ نے دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ یہ ایک اچھی تجویز ہے اور اس پر 3 ڈسمبر کے بعد توجہ دی جائے گی۔ ایمفی تھیٹرس آوٹ ڈور مقامات ہوتے ہیں، جو مختلف ایونٹس زیادہ تر میوزیکل پرفارمینسیس کیلئے بنائے جاتے ہیں جہاں سامعین قدرتی ماحول میں تفریحی پروگرامس سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔