حیدرآباد ۔ 6 اگست ( سیاست نیوز) ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے جہاں حکومت کی جانب سے گاڑیوں کیلئے متبادل اور ماحول دوست ایندھن فراہم کیا جارہا ہے وہیں عوام کی جانب سے ایل پی جی کے استعمال میں اضافہ ہورہا ہے ۔ تازہ ترین رپورٹ کے بموجب حیدرآباد میں ایل پی جی کے استعمال میں 10فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ جنوبی ہندوستانی ریاستوں حیدرآباد ، بنگلور اور چینائی میں اس ایندھن کے استعمال میں اضافہ درج کیا جارہا ہے ۔ ہندوستان بھر میں آٹو ایل پی جی کے 11ہزار اسٹیشن موجود ہیں جن میں زیادہ تعداد جنوبی ہندوستان میں ہے ۔ جنوبی ہندوستان میں ایل پی جی کے استعمال میں بنگلور کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے کیونکہ کرناٹک ہائیکورٹ کی جانب سے سخت ہدایت یہ ہے کہ آٹوز میں ایل پی جی ایندھن ہی استعمال کیا جانا چاہیئے تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جاسکے ۔ حیدرآباد میں بھی ایل پی جی کے استعمال میں اضافہ درج کیا جارہاہے، حالانکہ تلنگانہ میں اس طرح کا کوئی قانون نہیں کہ مخصوص گاڑیوں میں ایل پی جی ایندھن ہی استعمال کیا جائے ۔