وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کی ٹیلی کانفرنس ، ٹول فری نمبرات کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے حیدرآباد میں گزشتہ دو دن کے دوران موسلادھار بارش کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات سے محفوظ رکھنے کیلئے مختلف محکمہ جات کو ہدایت جاری کیں۔ پونم پربھاکر جو حیدرآباد کے انچارج وزیر بھی ہیں، جی ایچ ایم سی ، حیڈرا ، پولیس ، ٹریفک پولیس ، حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس ، ریونیو ، ہیلت اور برقی محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا اور بہتر تال میل کے ذریعہ بچاؤ راحت کے کام انجام دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بارش کے نتیجہ میں نشیبی علاقوں میں پانی کے بہاؤ کے ذریعہ مکانات کو محفوظ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو ایسے علاقوں کی نشاندہی کرنی چاہئے جہاں بارش کی صورت میں پانی جمع ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے بآسانی بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے پولیس اور ٹریفک پولیس کو احتیاطی اقدامات کرنے ہوں گے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام کو پہلے سے چوکس کردیا جائے اور انہیں ہنگامی حالت کی صورت میں ٹول فری نمبر سے ربط قائم کرنے کا مشورہ دیا جائے۔ پونم پربھاکر نے ضرورت پڑنے پر ریلیف کیمپس کے قیام کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ بریجس اور انڈر پاس کے قریب گاڑیوں کی آمد و رفت کو بارش کے دوران روکنے کیلئے اضافی عملہ کو تعینات کیا جائے۔ انہوں نے جی ایچ سی عہدیداروں سے کہا کہ وہ مین ہولس کی نگرانی کریں تاکہ پانی کے تیز بہاؤ کے دوران عوام کے بہہ جانے کے واقعات کو روکا جاسکے۔ ریاستی وزیر نے محکمہ برقی کو مشورہ دیا کہ وہ برقی پولس اور الیکٹرک وائرس کے بارے میں چوکس رہیں تاکہ عوام برقی شاک جیسے واقعات سے محفوظ رہیں۔ پونم پربھاکر نے بارش کی صورت میں پہلے سے عوام کو فون پر مسیجس کے ذریعہ چوکس کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں پانی کی سربراہی سے قبل باقاعدہ ٹسٹ کیا جائے تاکہ عوام آلودہ پانی سے محفوظ رہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ ٹول فری نمبرس کی سوشیل میڈیا، اخبارات اور ٹی وی چیانلس کے ذریعہ تشہیر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے تیز بہاؤ میں عوام کے بہہ جانے کے واقعات کی اہم وجہ لاپرواہی سے گاڑی چلانا ہے۔ حکام کو چاہئے کہ نشیبی علاقوں اور ریلوے انڈر بریجس میں گاڑیوں کی آمد و رفت کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ شدید بارش کے دوران باہر نکلنے سے گریز کریں۔1