حیدرآباد میں بوگس رائے دہندوں کی شمولیت پر نظر رکھنے کا فیصلہ

,

   

کانگریس الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، دھاندلیوں پر کڑی نظر: ایم ششی دھر ریڈی
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد اور کھمم و ورنگل کارپوریشنوں کی انتخابی حکمت عملی طئے کرنے کانگریس کی الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس آج گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی نے صدارت کی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے نئی دہلی سے زوم ایپ کے ذریعہ اجلاس میں شرکت کی ۔ انہوں نے کمیٹی سے درخواست کی کہ بلدیات کے علاوہ دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ اور گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے سلسلہ میں تجاویز پیش کریں۔ کمیٹی کے ارکان جی نرنجن ، کملاکر راؤ ، اے شام موہن ، پریم لتا اگروال ، جی ونود ریڈی ، پی راجیش کمار ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی ، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی ، صدر ضلع کانگریس سنگا ریڈی ، شریمتی نرملا جگا ریڈی، صدر گریٹر حیدرآباد انجن کمار یادو ، صدر رنگا ریڈی ضلع نرسمہا ریڈی ، محمد فیروز خاں ، پریم لال اور دوسروں نے شرکت کی ۔ کوآرڈینیشن کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدی انتخابات میں بیالٹ پیپرس یا الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے سلسلہ میں ماہرین سے مشاورت کی جائے ۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں رائے طلب کی ہے ۔ کمیٹی نے کووڈ۔19 کے پیش نظر ہر بوتھ میں 500 رائے دہندوں کی گنجائش رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ششی دھر ریڈی اور جی نرنجن نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی تحفظات اور بلدی وارڈس کی از سر نو تشکیل کے بارے میں حکومت کو اپنا موقف واضح کرنا چاہئے ۔ ایس سی ، ایس ٹی تحفظات 2021 مردم شماری کی بنیاد پر کئے جائیں ۔ بی سی رائے دہندوں کی نشاندہی کیلئے گھر گھر ویریفیکیشن مہم چلائی جائے۔ فہرست رائے دہندگان میں اعتراضات داخل کرنے کیلئے عوام کو 15 دن کا وقت دیا جانا چاہئے ۔ کمیٹی کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ یکم ستمبر تا 15 ستمبر کے درمیان کاروان اسمبلی حلقہ میں 23,000 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ دیگر اسمبلی حلقہ جات میں اس طرح کی درخواستیں انتہائی کم ہے۔ مکانات کی منتقلی سے متعلق درخواستوں پر شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ کمیٹی نے ایم ایل سی انتخابات کیلئے اہل گریجویٹس کا نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں متعلقہ اضلاع میں مہم چلائی جائے گی۔ کمیٹی کا ایک وفد بہت جلد اسٹیٹ الیکششن کمشنر ، چیف الیکٹورل آفیسر اور کمشنر جی ایچ ایم سی سے ملاقات کرے گا۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کا کام شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی اپنی سہولت اور کامیابی کے امکانات کو دیکھتے ہوئے لمحہ آخر میں ایس سی ، ایس ٹی تحفظات کا اعلان کرتی ہے۔ ششی دھر ریڈی نے اندیشہ ظاہر کیا کہ سابق کی طرح گریٹر حیدرآباد میں دھاندلیوں کے ذریعہ فہرست میں بوگس نام شامل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بے قاعدگیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔