قسم کھانے پر میں معذرت خواہی کیلئے تیار ہوں۔ اسد الدین اویسی کو فیروز خان کا چیلنج
حیدرآباد 16 اگسٹ ( سیاست نیوز ) ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی ووٹ دھوکہ دہی کے الزامات کے دوران کانگریس لیڈر محمد فیروز خان نے مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی کو چیلنج کیا کہ وہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم کھائیں کہ حیدرآباد میں ووٹ چوری نہیں کی گئی ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران فیروز خان نے کہا کہ حیدرآباد رکن پارلیمنٹ کا دعوی ہے کہ عام انتخابات کے دوران حیدرآباد پارلیمانی حلقہ میں یا پھر نامپلی اسمبلی حلقہ میں اسمبلی انتخابات 2023 کے دوران کوئی دھاندلی نہیں ہوئی ہے ۔ فیروز خان نے کہا کہ میں اسد الدین اویسی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنے والد کی طرح قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم کھائیں۔ فیروز خان نے کہا کہ اگر اسد الدین اویسی قرآن پر ہاتھ رکھ کر یہ دعوی کرتے ہیں کہ حیدرآباد یا نامپلی میں ووٹ چوری نہیں ہوئی ہے تو وہ اپنے الزامات پر رکن پارلیمنٹ حیدرآباد سے معذرت خواہی کریں گے اور یہ مسئلہ پھر کبھی نہیں اٹھائیں گے ۔ واضح رہے کہ اسد الدین اویسی نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات اور پھر عام انتخابات کے دوران بوگس رائے دہی کے الزامات کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ شہر میں ایسا کچھ نہیں ہوا تھا ۔ اسد الدین اویسی نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایک امیدوار چار مرتبہ شکست کھاتا ہے اور پھر بھی مجلس اتحاد المسلمین کو ذمہ دار قرار دیتا ہے تو اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ ہماری پارٹی بہت طاقتور اور مستحکم ہے ۔ اسد اویسی نے کہا تھا کہ ہر بات انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ تیار کرتا ہے اور الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ پر اعتراض کیلئے وقت دیتا ہے ۔ اس وقت پھر کیوں نہیں اعتراض کیا گیا ؟ ۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ جاری کی تو اس کو چیک کیوں نہیں کیا گیا تھا ؟ ۔ اسد الدین اویسی نے فیروز خان کے تعلق سے کہا تھا کہ ایسے قائدین عین انتخابات کے وقت جاگتے ہیں اور جیسے ہی انتخابات ختم ہوجاتے ہیں پھر وہ خاموش ہوجاتے ہیں۔