حیدرآباد میں بھی رات بھر تجارتی اداروں کو کھلا رکھنے کا منصوبہ

   

حکومت نے تجاویز تیار کرلیں۔ جلد منظوری اور منصوبہ پر عمل آوری کا امکان

حیدرآباد 22 اگسٹ (سیاست نیوز) حکومت نے شہر میں 24X7 تجارتی و سیاحتی اداروں کو کھلا رکھنے کی پالیسی تیار کرلی اور جلد اس منصوبہ کو روشناس کروایا جائے گا۔ شہر میں رات میں تجارت کو باقاعدہ بناکر کاروبار کے ذریعہ معیشت کو مستحکم بنانے اقدامات سے متعلق جو منصوبہ تیار کیاگیا اس پر عمل میں محکمہ سیاحت اور دیگر متعلقہ محکمہ جات نے جامع منصوبہ بندی کرلی ہے ۔اس منصوبہ پر گذشتہ ماہ انکشاف ہوا تھا اور اب توثیق کی جانے لگی کہ حیدرآباد میں رات کے کاروبار کے زونس کی تیاری کے ذریعہ شہر کے مختلف مقامات بالخصوص سیاحتی مقامات کے علاوہ تجارتی اداروں کو رات بھر کاروبار کی اجازت پر غور کیا جانے لگا ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں رات کے اوقات میں کاروبار اور ایسے شہر جو رات بھر کھلے رہتے ہیں ان شہروں کی معیشت کے علاوہ ان شہروں میں حفاظتی و صیانتی اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد ’نائٹ ٹائم اکنامی‘ کو قطعیت دیئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ اگر رات میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ’نائٹ ٹائم اکنامی زون‘ پر خصوصی نگاہ رکھی جاتی ہے تو جرائم کی شرح میں بھی کمی آسکتی ہے کیونکہ رات میں بازاروں کے رہنے اور سرگرمیوں میں اضافہ اور پولیس کی گشت وغیرہ ہوا کرتی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر کیلئے رات میں کاروبار کے ذریعہ معیشت کو مستحکم کرنے جن شہروں کا جائزہ لیا گیا ان میں ہندوستانی شہر ممبئی بھی شامل ہے جہاں رات میں مخصوص تجارتی سرگرمیوں کو اجازت کے نتیجہ میں سال 2020 سے تجارتی آمدنی میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ ٹرانسپورٹ ‘ ریٹیل اور سیکیورٹی شعبوں میں 50 ہزار سے زائد افراد کو ملازمتیں حاصل ہوئیں۔ اسی طرح ممبئی میں 5 سال میں رات کی تجارتی سرگرمیوں سے 7لاکھ نوجوانوں کو ملازمتیں ملیں اور جرائم کی شرح میں 15 فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔عہدیداروں کے مطابق رات میں شہری علاقوں میں تجارتی و سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ سے شہریوں اور سیاحوں کی دلچسپی کے مقامات میں اضافہ ہوتا ہے اور سرمایہ کاری بھی بڑھتی ہے ۔ 3