امریکی ماہرین کے وفد کی آمد، ای راجندر اور ونود کمار سے ملاقات
حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں بین الاقوامی سطح کے کینسر ہاسپٹل کے قیام کیلئے امریکن آنکالوجی نیٹ ورک کے نمائندوں نے وزیر صحت ای راجندر اور تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدر نشین بی ونود کمار سے ملاقات کی۔ امریکی وفد نے حیدرآباد میں کینسر ہاسپٹل کے قیام کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ بعد میں ونود کمار کے ہمراہ چیف سکریٹری ایس کے جوشی سے ملاقات کی۔ عصری سہولتوں کے ساتھ عالمی طرز کے کینسر ہاسپٹل کے قیام کے سلسلہ میں امریکی نمائندوں کا یہ وفد دہلی اور امرتسر کے دورہ کے بعد حیدرآباد پہنچا۔ امریکہ میں آنکالوجی نیٹ ورک کے تحت 140 سنٹرس میں 265 ڈاکٹرس خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وزیر صحت اور نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ نے امریکی نمائندوں کو تیقن دیا کہ حیدرآباد میں کینسر ہاسپٹل کے قیام کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اجازت ناموں کی جلد اجرائی عمل میں آئے گی۔ وزیر صحت نے حکومت کی جانب سے مختلف مراعات کا تیقن دیا۔ امریکی وفد نے نمس کے آنکالوجی شعبہ کا معائنہ کیا۔ ونود کمار نے کہاکہ کینسر جیسے موذی مرض کے سلسلہ میں عوامی خدمات فراہم کرنے کیلئے امریکی ادارہ کی پیشکش قابل ستائش ہے۔ ونود کمار کے حالیہ دورہ امریکہ کے موقع پر نیٹ ورک کے نمائندوں کو دورہ حیدرآباد کی دعوت دی گئی تھی۔ امریکی وفد میں آنکالوجی نیٹ ورک کے سی ای او برائیڈ فرینکو، راکیش سہیگل ، اوپیندر راؤ اور سوین حارج شامل تھے۔