حیدرآباد۔ یکم؍ جون (سیاست نیوز) حیدرآباد میں رہائشی جائیدادوں کے رجسٹریشن میں 12 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اپریل 2025 میں حیدرآباد میں جائیدادوں کے رجسٹریشن کے رجحان میں کمی دیکھی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال اپریل کے مقابلہ میں رجسٹریشن میں 12 فیصد کی کمی اور رجسٹرڈ کردہ جائیدادوں کی مالیت میں 4 فیصد کی کمی درج کی گئی۔ ریئل اسٹیٹ شعبہ میں منفی رجحان کے نتیجہ میں حیدرآباد میں رجسٹریشن کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ ایک کروڑ سے زائد مالیت کی جائیدادوں کے رجسٹریشن میں 2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں جائیدادوں کے رجسٹریشن میں 20 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ ایک کروڑ سے زائد مالیتی جائیدادوں کے رجسٹریشن میں گزشتہ سال کے مقابلہ 3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ رنگاریڈی ضلع میں جائیدادوں کا رجسٹریشن 48 فیصد درج کیا گیا جبکہ ملکاجگری میں 36 فیصد رجسٹریشن ہوا۔ حیدرآباد اور رنگاریڈی میں جائیدادوں کی قیمت میں 9 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ریئل اسٹیٹ تاجروں کو امید ہے کہ آئندہ ایک سال میں کاروبار میں تیزی پیدا ہوگی اور رجسٹریشن کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔ 1
