حیدرآباد میں جنوبی ہند کے طویل قامت ٹاور کی تعمیر

   

7 منزلہ خوبصورت مال میں فائیو اسٹار انٹر کانٹیننٹل ہوٹل شامل رہے گی
حیدرآباد ۔14۔نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کے کوکا پیٹ علاقہ میں عنقریب جنوبی ہند کی بلند ترین اور انتہائی خوبصورت عمارت کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ یہ عمارت جنوبی ہند کے بلند ترین ٹاور میں شمار کی جائے گی۔ بریگیڈ گروپ نے 200 میٹر سے زائد بلند اس ٹاور کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے جو جنوبی ریاستوں میں طویل قامت کمرشیل عمارت ثابت ہوگی۔ حیدرآباد کی خوبصورتی میں اضافہ کے علاوہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ 7 منزلہ ORION مال کو ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے نام پر رکھا گیا ہے جس کے تحت فائیو اسٹار انٹر کانٹیننٹل ہوٹل کو شامل کیا جائے گا۔ غیر معمولی ڈیزائن کے حامل یہ عمارت تلنگانہ میں ایک خوبصورت ٹاور کے اضافہ کا باعث بنے گی۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش دونوں ریاستوں کی جانب سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ آندھراپردیش کی مساعی کے نتیجہ میں ریلائنس انڈسٹریز نے 65000 کروڑ کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ سرمایہ کاری کے تحت 500 بائیو گیاس پلانٹس تعمیر کئے جائیں گے جس کے تحت 2 لاکھ 50 ہزار افراد کو پانچ برسوں میں روزگار حاصل ہوگا۔ گجرات سے باہر کلین اینرجی سیکٹر میں ریلائنس نے پہلی مرتبہ اس قدر بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ۔ آندھراپردیش کی ترقی میں ریلائنس کی سرمایہ کاری اہم رول ادا کریگی۔ مبصرین کے مطابق حیدرآباد میں طویل قامت ٹاور کی تعمیر سے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی اور یہ عمارت شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ثابت ہوگی۔ 1