حیدرآباد میں خاتون ڈرائیورس کے ساتھ کیابس خدمات

   

خواتین کو خود مکتفی بنانے ’ ویمن آن وہیل ‘ ، خواتین کو محفوظ سفر کی سہولت
حیدرآباد :۔ ریاست میں خواتین کے تحفظ کے ساتھ ان کی خود مکتفی کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔ موجودہ حالات اور لاک ڈاؤن کے سبب تعطل کا شکار ’ ویمن آن وہیل ‘ خاتون ڈرائیورس کے پراجکٹ کا اب دوبارہ آغاز عمل میں لایا جارہا ہے ۔ ویمن آن وہیل کے نام سے تیار کردہ خصوصی کیابس کو خاتون ڈرائیورس میں چلائیں گی اور ان کیابس میں خاتون مسافرین ہی کو خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ شہر کے اطراف آئی ٹی زونس اور شہر کے مختلف مقامات پر تنہا برسرکار اور سافٹ ویر خاتون ملازمین کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی سرویس کا آغاز کیا گیا ۔ محکمہ بہبود خواتین و اطفال نے اس پراجکٹ میں ماروتی سوزوکی کو شامل کیا ہے ۔ جس کے لیے خاتون ڈرائیورس کو تربیت فراہم کی گئی اور اس خصوصی اور خواتین کے تحفظ اور خود مکتفی والے پراجکٹ کے لیے ایپ بھی تیار کرلیا گیا اور تمام تر تیاریوں کو مکمل کرلیا گیا ۔ پراجکٹ کا آغاز مارچ میں کیا گیا تھا ۔ تاہم لاک ڈاون اور کوویڈ 19 کے سبب پیدا شدہ حالات سے یہ پراجکٹ تعطل کا شکار ہوگیا تھا ۔ ریاست تلنگانہ میں خواتین کے تحفظ کیلئے مثالی اقدامات جاری ہیں اور ویمن آن وہیل تحفظ کے ساتھ ساتھ خواتین کو روزگار سے مربوط کرنے اور ان کی خود مختاری میں بھی مددگار ثابت ہوگا ۔ اس سرویس سے خواتین آزادانہ اور بے خوف سفر کرسکتی ہیں جس میں سرکاری محکمہ کی نگرانی اور اس کا بھر پور تعاون حاصل ہے ۔ خاتون مسافرین بذریعہ ایپ گاڑی بک کرواسکتے ہیں ۔۔