شہر کے ویسٹ زون میں 53 فیصد مکانات فروخت ہوئے، گھروں کی قیمتوں کے ساتھ کرائے میں بھی اضافہ
حیدرآباد ۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ریئل اسٹیٹ دوبارہ عروج پر پہنچ رہا ہے۔ مکانات کی فروخت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سال 2024ء کے سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران 12,700 مکانات فروخت ہوئے۔ اس کے علاوہ مزید 13,900 مکانات فروخت کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ دوسرے سہ ماہی کے مقابلے مکانات کی فروخت میں 16 فیصد کی کمی آئی ہے۔ باوجود اس کے انارک اسٹڈی کے مطابق پھر بھی نئے مکانات کی فروخت میں ایک فیصد کا اضافہ ہوا ہے بالخصوص حیدرآباد کے مغربی علاقہ میں مکانات کی فروخت میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اس سہ ماہی کے دوران ویسٹ زون میں 53 فیصد مکانات فروخت ہوئے۔ اس کے بعد نارتھ زون میں 28 فیصد ساوتھ زون میں 13 فیصد ایسٹ زون میں 4 فیصد مکانات فروخت ہوئے جبکہ سنٹرل زون میں صرف ایک فیصد مکانات فروخت ہوئے۔ حیدرآباد میں اپارٹمنٹس کا اوسط کرایہ 7150 فی مربع فیٹ تک پہنچ گیا ہے۔ گذشتہ تین ماہ کے دوران مکانات کے کرایوں میں 1 تا 4 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اپارٹمنٹ کی قیمتوں میں 3 تا 5 فیصد فی مربع فیٹ اضافہ ہوا ہے۔ ایل بی نگر میں فی مربع فیٹ کرایہ 6800 روپئے، میاں پور میں 6700 روپئے، گچی باؤلی میں 8900، کنڈہ پور میں 8600 روپئے ہے۔ ڈبل بیڈروم اور ٹریپل بیڈروم کا ماہانہ کرایہ 14000 تا 42,000 روپئے تک پہنچ گیا ہے۔ حیدرآباد رئیل اسٹیٹ مارکٹ کی قومی سطح پر پہچان ہے۔ شہر کا رئیل اسٹیٹ شعبہ اب آوٹر رنگ روڈ تک توسیع کرچکا ہے۔ خاص طور پر آوٹر رنگ روڈ کے اندرونی حدود میں اراضی، مکان کے علاوہ پلاٹس دستیاب ہیں۔ ساتھ ہی اس علاقے میں ولاز بھی تعمیر کئے جارہے ہیں۔ وجئے واڑہ، ممبئی، ناگپور، سری سیلم کے طرف جانے والی سڑکوں کے ساتھ رئیل اسٹیٹ شعبہ اور آوٹر رنگ روڈ کو عبور کرچکا ہے۔ اس علاقے میں قیمتوں میں بدستور اضافہ ہورہا ہے۔ فی الحال اپارٹمنٹس، مکانات متوسط طبقہ کیلئے دستیاب ہیں۔ 2