حیدرآباد۔ 24 جون (سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کے گچی باؤلی کے شیرلنگم پلی منڈل میں ایک کمرشیل پلاٹ 2.22 لاکھ روپئے فی مربع میٹر کی قیمت سے فروخت ہوا ہے۔ پیر کو حیدرآباد میں ہاؤزنگ بورڈ کے پلاٹس کی نیلامی کا عمل KPHB میں منعقد ہوا جس میں 33 بولی دہندگان نے حصہ لیا۔ گچی باؤلی میں 4 پلاٹس نیلام ہوئے اور تمام فروخت ہوگئے۔ ڈاگ پارک سے متصل 1,487 مربع میٹر کے پلاٹ کی قیمت 1.20 لاکھ مربع میٹر مقرر کی گئی لیکن نیلامی میں 2.22 لاکھ روپئے کے حساب سے 33 کروڑ روپئے میں پلاٹ فروخت ہوا ہے۔ ضلع میڑچل کے قطب اللہ پور منڈل میں واقع چنتل کے قریب ایم آئی جی 10 اراضیات میں تین اراضیات فروخت ہوئے۔ اس سے تقریباً 8.11 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے۔ باچوپلی میں 8 پلاٹس کو نیلامی میں رکھا گیا جس میں 4 پلاٹ فروخت ہوئے۔ B1 بلاک میں F-17 پلاٹ کو زیادہ سے زیادہ 18.21 لاکھ روپئے قیمت وصول ہوئے۔ ہاؤزنگ بورڈ کے کمشنر گوتم نے بتایا کہ اس نیلامی کے ذریعہ حکومت کو 55 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ گچی باؤلی میں اراضیات کی فروخت سے 55.56 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی۔2